QR CodeQR Code

 ملک میں سیاسی قومی بحران کے خاتمہ کے لیے شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات ناگزیر ہیں، لیاقت بلوچ 

20 Oct 2020 22:37

جماعت اسلامی کے نائب امیر وملی یکجہتی کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومتی ناکامیوں کے خلاف عوامی ردعمل کے مقابلہ میں اپنی اصلاح کرنے کی بجائے ہوش مندی کو چھوڑ کر حالات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف لے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی ناکامی، نااہلی اور تکبر و غرور کے خلاف عوامی احتجاج اور مظاہروں کی ہوائیں چل پڑی ہیں، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، بے روزگاری سماجی نظام کو تباہ و برباد کر رہی ہے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور عوامی احتجاج کے مراکز بن گئے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی رٹ کھو چکی ہیں، اسلام آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دس نکاتی احتجاجی مظاہرہ حکومتوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ خواتین کی کوئی شنوائی نہیں۔ عمران خان حکومتی ناکامیوں کے خلاف عوامی ردعمل کے مقابلہ میں اپنی اصلاح کرنے کی بجائے ہوش مندی کو چھوڑ کر حالات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف لے گئے ہیں۔ ریاستی ادارے اور اسٹیبلشمنٹ اپنے آپ کو غیرجانبدار اور آئینی حدود میں رہنے کا کردار اختیار کریں تو حالات سدھر جائیں گے۔ حکومت اپنی اصلاح کرے گی یا سب نئے انتخابات پر اتفاق کر لیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں سیاسی قومی بحران کے خاتمہ کے لیے شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات ناگزیر ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ سیاسی انتخابی دائروں میں مداخلت ختم کرے۔


خبر کا کوڈ: 893162

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893162/ملک-میں-سیاسی-قومی-بحران-کے-خاتمہ-لیے-شفاف-غیرجانبدارانہ-انتخابات-ناگزیر-ہیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org