QR CodeQR Code

پاکستان مشکل وقت میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، صدر عارف علوی

21 Oct 2020 11:53

صدر مملکت نے افغان وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک جیسی تاریخ ، ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں اور دونوں برادر ممالک باہمی مفاد کے لے باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان پڑوسی ملک کے جامع، وسیع البنیاد اور سیاسی تصفیے کے لیے افغانیوں کی زیر سربراہی اور ان کے امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی، افغان وفد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے ایک دن بعد وزیر اعظم عمران خان اور اسپیکر اسد قیصر سے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے افغان وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک جیسی تاریخ ، ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں اور دونوں برادر ممالک باہمی مفاد کے لے باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا اور افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے افغانستان میں قیام امن کی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیامِ امن سے ناصرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہو گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے سے افغانستان میں امن و استحکام آئے گا۔ البتہ انہوں نے خبردار کیا کہ افغان امن عمل میں خلل ڈالنے والے عناصر سے متنبہ رہنا ہوگا ، افغان قیادت کو امن عمل کو پٹڑی سے اترنے سے بچانا اور ملک میں دیرپا امن کے لیے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 893231

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893231/پاکستان-مشکل-وقت-میں-افغان-بھائیوں-کے-ساتھ-کھڑا-ہے-صدر-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org