QR CodeQR Code

آئی جی کا اغواء اداروں کے درمیان تصادم پیدا کرنے کی سازش ہے، اعجاز ہاشمی

21 Oct 2020 19:39

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اغواء کی سازش کے ذمہ دار سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان اور ان کے سلیکٹرز ہیں، پی ڈی ایم کے جلسے کو ناکام بنانے اور میڈیا کی توجہ ہٹانے کیلئے رچایا ڈرامہ حکمرانوں کے گلے کا پھندا بن گیا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے آئی جی سندھ کے اغوا کی تحقیقات کی یقین دہانی قابل تحسین ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کا اغواء ریاست کے اندر ریاست کی بدترین مثال ہے اور اداروں کے درمیان تصادم پیدا کرنے کی سازش ہے، جس کے ذمہ دار سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان اور ان کے سلیکٹرز ہیں، پی ڈی ایم کے جلسے کو ناکام بنانے اور میڈیا کی توجہ ہٹانے کیلئے رچایا ڈرامہ حکمرانوں کے گلے کا پھندا بن گیا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے آئی جی سندھ کے اغوا کی تحقیقات کی یقین دہانی قابل تحسین ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری وفاقی حکومت کے ہاتھوں سندھ حکومت کی توہین ہے۔ ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے والے اور تحریک پاکستان کو جمہوری جدوجہد کے ذریعے کامیاب کرانے والے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر سیاسی نعرے بازی کو توہین قرار دینا اور اس پر مقدمہ درج کرنا مضحکہ خیز ہے۔

لاہور میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی پوری زندگی سیاسی جدوجہد میں گزری، ان کی روح تو ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے خوش ہوئی ہوگی، اگر مزار کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی بات کی جائے تو بھی نعرے بازی نا پسندیدہ عمل قرار دیا جا سکتا ہے، قابل دست اندازی پولیس مقدمہ اور جرم نہیں بنتا تھا۔ یہ صرف حکمرانوں کی بے بسی کی دلیل، میزبان صوبائی حکومت کی توہین اور اپوزیشن کی کامیاب تحریک کو غیر موثر کرنے کیلئے رچایا گیا ڈرامہ ہے، تاکہ پنجاب سے آنیوالے مہمانوں کی بے توقیری کی جائے۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ عمران خان سیاست میں تلخی لا رہے ہیں، کل انہیں یہ برداشت کرنا مشکل ہو جائے گا، حکمران جماعت سیاست کا مقابلہ سیاسی انداز سے کرے، کیپٹن(ر) محمد صفدر کی گرفتاری جلسے کی کامیابی پر حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔


خبر کا کوڈ: 893308

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893308/ا-ئی-جی-کا-اغواء-اداروں-کے-درمیان-تصادم-پیدا-کرنے-کی-سازش-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org