0
Wednesday 21 Oct 2020 19:50

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کے 22 روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کے 22 روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کے 22 روزہ دورے سکردو پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء قمر زمان کائرہ، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، ناصر حسین شاہ اور دیگر مرکزی رہنماء بھی موجود ہیں۔ سکردو ائرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، سابق وزیر اعلی سید مہدی شاہ، پیپلزپارٹی کے رہنماوں محمد علی اختر، عمران ندیم، محمد جعفر اور دیگر صوبائی قائدین نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔ سکردو ائرپورٹ سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو بڑی ریلی میں سکردو شہر لایا گیا۔ بلاول بھٹو کی آمد کے موقع پر جگہ جگہ پر خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی آمد کے موقع پر پیپلزپارٹی نے سکردو شہر کو سجایا تھا۔ انہیں مقامی ڈرائی فروٹس بھی پیش کئے گئے، روایتی ٹوپی اور چوغہ بھی پہنایا گیا۔ بلاول بھٹو سکردو پہنچنے کے بعد گانچھے روانہ ہو گئے اور پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری انجینئر اسماعیل کے گھر گئے اور ان کے بڑے بھائی حاجی غلام حیدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی پی دورہ گلگت بلتستان کے دوران جی بی الیکشن میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کرینگے۔ اس دوران وہ مختلف حلقوں میں جلسوں سے خطاب کرینگے۔

 سکردو پہنچنے کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور عوامی مفادات کا ہر لحاظ سے تحفظ کیا جائے گا۔ کبھی یہاں کے عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ جی بی کے حقوق پر شب خون مارنے نہیں دوں گا، اب تک اس علاقے کے ساتھ جتنی زیادتیاں ہوئی ہیں ان کا بھرپور آزالہ کیا جائے گا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کروں گ،ا کبھی بھی یہاں کے عوام کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی روزگار دینے والی جماعت ہے، انشاء اللہ اقتدار ملا تو گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار دیں گے، جی بی کے عوام ملک کے بڑے وفادار ہیں، ان کی امنگوں کے عین مطابق ہم کام کریں گے، الیکشن میں پیپلزپارٹی کی کامیابی نظر آ رہی  ہے۔ دریں اثنا سکردو پہنچتے ہی بلاول بھٹو زرداری نے ائرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ سے الیکشن سے متعلق مختلف حلقوں کی پوزیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی امجد ایڈووکیٹ نے پارٹی چیئرمین کو الیکشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور کہاکہ رواں سال پیپلزپارٹی کی پوزیشن بہت ہی اچھی ہے، محنت جاری رہی تو بلتستان کی سات نشستوں پر ہماری جماعت کامیاب ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 893309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش