QR CodeQR Code

سندھ کیلئے سر کٹانے کیلئے پہلی صف پر کھڑے ہوں گے، وزیراعلیٰ سندھ

21 Oct 2020 21:14

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 18 اکتوبر کے جلسے سے ساری حکومت گھبرا رہی ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، پولیس پر دباؤ ڈال کر جعلی مقدمہ بنایا گیا، ایک مفرور آدمی کے ذریعے مقدمہ درج کرایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کیلئے سر کٹانے کیلئے پہلی صف پر کھڑے ہوں گے۔ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جزائر سے متعلق آرڈیننس واپس نہ لینے تک وفاقی حکومت سے بات نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کی واپسی کیلئے اور طاقت سے لڑیں گے، وفاق کے آرڈیننس پر سارا سندھ سراپا احتجاج ہے، جزائر سے متعلق آرڈیننس واپس کرائیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جزائر سے متعلق آرڈیننس جاری کرکے سندھ کی سالمیت پر حملہ کیا گیا، وفاق نے بل میں لکھا یہ زمین ہماری ہے جو بالکل غلط ہے۔

مراد علی شاہ ننے کہا کہ آئین کے مطابق زمین اور پانی کے اندر سے ملنے والی چیزیں صوبے کی ملکیت ہوتی ہیں، صوبے کے انٹرسٹ کے خلاف کبھی گیا نہ جاؤں گا، سندھ کیلئے سر کٹانے کیلئے پہلی صف پر کھڑے ہوں گے۔ ویراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ظلم کے باعث مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں اور کہتے ہیں گھبرانا نہیں، ایک سال پہلے ہم گندم کو ایکسپورٹ کررہے تھے ایک سال میں گندم کہاں غائب ہوگئی؟ جو چیز شارٹ ہوجائے الزام سندھ حکومت پر لگتا ہے، اتنی ہی وفاق کو تکلیف ہے تو نکلے، ہم خود دیکھ لیں گے، وفاقی حکومت سے کوئی بہتری کی امید رکھنا بیکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کے جلسے سے ساری حکومت گھبرا رہی ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، پولیس پر دباؤ ڈال کر جعلی مقدمہ بنایا گیا، ایک مفرور آدمی کے ذریعے مقدمہ درج کرایا گیا، مقدمہ درج کرانے کے لئے دھمکی دی گئی، بلاول بھٹو نے پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کی، ہم سندھ پولیس کےساتھ ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جس طریقے سے ہمارے مہمان کو حراست میں لیا اس پر ہم شرمندہ ہیں، ہمارے مہمانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا یہ ہمارے لئے شرمندگی کا مقام ہے، عزت سے بڑھ کرہمارے لئے کچھ نہیں، اس معاملے پر کمیٹیاں بھی بنا دی گئیں، جو کچھ بھی ہوا تحقیقات میں سب سامنے آئے گا، آرمی چیف نے بھی معاملے کا نوٹس لیا اور انکوائری کا حکم دیا۔


خبر کا کوڈ: 893324

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893324/سندھ-کیلئے-سر-کٹانے-پہلی-صف-پر-کھڑے-ہوں-گے-وزیراعلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org