0
Wednesday 21 Oct 2020 21:45

افغانوں نے پے درپے استعماری قوتوں کو شکست دے کر امت کا سر فخر سے بلند کیا ہے، سراج الحق 

افغانوں نے پے درپے استعماری قوتوں کو شکست دے کر امت کا سر فخر سے بلند کیا ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ افغانستان کے سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار نے پاکستان کے تین روزہ دورے کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں میاں محمد اسلم سابق ایم این اے کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امرا لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم، میاں محمد اسلم، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، شبیر احمد خان و دیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں۔دنیا کی کوئی طاقت اور سازش دونوں برادر اسلامی ممالک کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کرسکتی۔ افغانوں نے پے درپے استعماری قوتوں کو شکست دے کر امت کا سر فخر سے بلند کیا ہے، حکمت یار بلاشبہ اس جنگ آزادی کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان جہاد میں پاکستان کے لوگوں نے افغانوں کے ساتھ مل کر بڑی قربانیاں دی ہیں، افغانوں نے تاریخ کی عظیم ہجرت کی اور پاکستانیوں نے انصار کا کردار پیش کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ افغانستان پر نیٹو، روسی اور انگریزوں سمیت باہر سے حملہ آور جارح قوتوں کو منہ کی کھانا پڑی اور انہیں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور پرامن افغانستان نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر نے اپنے جغرافیہ اور نظریہ کی خاطر لڑنے والے افغان شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔ سراج الحق نے اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کا بھی ذکر کیا جنہوں نے افغان جہاد کی سرپرستی اور پشت پناہی کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان اور افغانستان کا مل کر چلنا واحد آپشن ہے۔ اس موقع پر گلبدین حکمت یار نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانوں کی جدوجہد کے نتیجے میں عالمی استعماری قوتوں کے عزائم پاش پاش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 40لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین کو محبت اور پناہ دی اور مہمانوں کی طرح ان کا خیال رکھا۔
خبر کا کوڈ : 893336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش