QR CodeQR Code

جماعت اسلامی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کر رہی ہے، مشتاق خان

21 Oct 2020 23:04

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آئی جی اور اے آئی جی سندھ کو اغوا کرنا اور ان سے گن پوائنٹ پر دستخط کرانے کا واقعہ افسوسناک اور شرمناک ہے، ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر رہی ہے، ہم نااہل، سلیکٹڈ اور عوام دشمن حکومت سے نجات چاہتے ہیں، حکومت کے خلاف تحریک 3 نکات پر مشتمل ہے۔ حکومت کی جانب سے مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی مسلط کرنا، ناموس رسالت، ختم نبوت اور شعائر اسلام کے ساتھ چھیڑ چاڑ اور خیبر پختونخوا کے آئینی اور مالیاتی حقوق کو غصب کرنا تحریک کے نکات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یکم نومبر سے باجوڑ میں بڑے جلسہ سے احتجاجی تحریک کا آغاز ہوگا، 8 نومبر کو بونیر، 15 نومبر دیربالا، 22 نومبر کو سوات اور 29 نومبر کو دیر پائین میں حکومت کے خلاف بڑے جلسے ہوں گے۔ ہم صوبے سے لیکر ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ احتجاج پی ڈی ایم کا حق ہے لیکن جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم سے اپنی قیادت اور جھنڈے کے ساتھ سیاسی اور احتجاجی تحریک چلائے گی۔ پی ٹی آئی، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی میں کوئی فرق نہیں۔ تینوں ہی آئی ایم ایف، پروٹوکول کلچر، مہنگائی اور ملک کو دوسروں کی غلامی میں دینے کے حوالے سے ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی خاندان کو کندھا فراہم نہیں کرسکتے۔ آئی جی اور اے آئی جی سندھ کو اغوا کرنا اور ان سے گن پوائنٹ پر دستخط کرانے کا واقعہ افسوسناک اور شرمناک ہے، ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ سندھ سمیت پورے ملک کی پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، اس واقعہ سے پولیس کا محکمہ صدمے سے دوچار ہوگیا ہے۔ یہ پورے ملک کی پولیس فورس کی توہین ہے۔ جو شخص پورے سندھ کی سیکورٹی کا ذمہ دار ہے اسے ہی اغواء کرلیا جاتا ہے۔ ریاست کے اندر ریاست ہے جو ہر قانون سے بالاتر ہے۔ جب تک واقعہ کے ذمہ داروں کے نام سامنے نہیں آجاتے اور انہیں سزا نہیں دی جاتی سول ادارے قانون کے مطابق اپنے موقف پر ڈٹے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے موجودہ جرنیلوں جنرل قمر جاوید باجوہ، آئی ایس آئی چیف، موجودہ وزیراعظم نے سابق جرنیلوں اور قمر جاوید باجوہ پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے ہیں۔ ان الزامات سے ثابت ہوتا ہے کہ بیلٹ پیپر اور بیلٹ باکس کا کوئی تقدس نہیں، عوام کا مینڈیٹ نتائج کا ذمہ دار نہیں بلکہ نتائج کہیں اور مرتب ہوتے ہیں۔ چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے، جو سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان، نواز شریف اور دو موجودہ اور سابقہ جرنیلوں کو بلا کر ان سے پوچھ گچھ کرے اور الزامات کی تحقیقات کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل سویلین سپرمیسی، پارلیمنٹری ڈیموکریسی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور بے لاگ احتساب میں ہے۔ جب تک ججز، جرنیلوں، سیاستدانوں اور ہر طبقے کا بے لاگ احتساب نہیں ہوتا، کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ سیاستدانوں کو سرے محل، لندن فلیٹس، اور پانامہ کے اکاؤنٹس کا حساب دینا ہوگا۔ جنرل اسد درانی کو مہران بنک، پرویز مشرف اور عاصم سلیم باجوہ کو اپنی اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کی فراغت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سینیٹ میں تحریک جمع کرائی ہے۔ موجودہ حکومت میں تمام سرکاری ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ یہ حکومت روزگار اور ملازمت دشمن حکومت ہے۔ سرکاری ملازمین کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہوچکی ہے۔ آئی پی پیز، چینی، آٹا، گندم اور ادویات مافیا حکومت میں بیٹھا ہے۔ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ادویات کی قیمتیں ڈیڑھ سال کے دوران 7 مرتبہ بڑھائی گئیں جس سے قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ حکومت نے ادویات کی قیمتیں بڑھا کر علاج مہنگا، زندگی مشکل اور موت آسان اور سستی کردی ہے۔ آئی ایم ایف کی ٹیم وزارت خزانہ میں بیٹھ کر حکومت کے ہاتھ مروڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت اور اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے خلاف میدان میں ہے کیونکہ دونوں کا مقصد ایک ہی ہے۔ ہم تھکے ہوئے چوروں کو ہٹا کر تازہ دم چوروں کو آگے نہیں آنے دیں گے۔ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ عوام حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کے جلسوں میں بھرپور شرکت کریں۔


خبر کا کوڈ: 893343

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893343/جماعت-اسلامی-حکومت-کیخلاف-احتجاجی-تحریک-شروع-کر-رہی-ہے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org