QR CodeQR Code

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ترکش ایئرلائن پر جرمانہ عائد

22 Oct 2020 10:28

ترکش ایئرلائن نے مسافر محمد اشفاق کو افریکی ملک مالی سے بغیر کورونا ٹیسٹ کے استنبول تک سفر کرایا، مسافر کو کنیکٹنگ پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہور آنا تھا، مسافر اشفاق کو استنبول ایئرپورٹ پر ہی اتار دیا تھا، مسافر 5 دن سے استنبول ایئرپورٹ پر محصور رہا۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کروانے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترکش ایئرلائن پر جرمانہ عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ایوی ایشن قوانین کے مطابق ترکش ایئرلائن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا، اس حوالے سے سی اے اے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے جرمانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ترکش ایئرلائن نے مسافر محمد اشفاق کو افریکی ملک مالی سے بغیر کورونا ٹیسٹ کے استنبول تک سفر کرایا، مسافر کو کنیکٹنگ پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہور آنا تھا، مسافر اشفاق کو استنبول ایئرپورٹ پر ہی اتار دیا تھا، مسافر 5 دن سے استنبول ایئرپورٹ پر محصور رہا، مسافر کے پاس ترکی کا ویزہ نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی، پاکستانی سفارت خانے نے مذکورہ مسافرسے رابطہ کیا اور پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایک خط میں غیر ملکی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

وزارت خارجہ کی ہدایت پر محمد اشفاق نامی مسافر کو بغیر پی سی آرٹیسٹ کے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے، محمد اشفاق کو استنبول ایئرپورٹ، ترکی سے لاہور پاکستان لایا جائے گا، ایئرلائن مسافر کو ہیلتھ اسٹاف کے حوالے کرے گی، جس کے بعد مسافر کو قرنطینہ میں رکھ کر کورونا ٹیسٹ کیا جائیگا۔ محمد اشفاق کو پی سی آر کا ٹیسٹ نہ ہونے کے سبب انہیں فلائٹ میں سفر نہیں کرنے دیا گیا تھا، استنبول ائرپورٹ پر پی سی آر کی سہولت موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ واضح رہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے بی کیٹگری والے ممالک کے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 893395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893395/کورونا-ایس-او-پیز-کی-خلاف-ورزی-پر-ترکش-ایئرلائن-جرمانہ-عائد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org