QR CodeQR Code

آئی جی اغوا ہوئے تو مقدمہ درج کیوں نہیں کرایا، شہزاد اکبر

22 Oct 2020 16:42

پریس کانفرنس میں مشیر داخلہ نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آئی جی سندھ کو وفاقی ادارے کے اہلکار اٹھا کر لے جاتے ہیں لیکن مراد علی شاہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا۔


اسلام ٹائمز۔ مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہزاد اکبر نے کہا کہ ملک و قوم کی بدنامی کیلئے سیاسی سرکس لگایا گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز مل کر کھیل کھیل رہے ہیں، کراچی میں چند روز پہلے مزار قائد پر ہلڑبازی اور نعرے بازی ہوئی، اس حوالے سے تحریک انصاف نے ببانگ دہل درخواست دی، تحریک انصاف کا کردار اس حد تک تھا کہ ہم نے درخواست دی کہ کارروائی کی جائے۔ ایک لمحے کے لئے بھی ہم نے کسی سے بات نہیں کی۔ 

مشیر داخلہ نے کہا کہ صبح معلوم ہوا کہ پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کرلی اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی گرفتار ہوگئے، جو چیز کیمرے کی آنکھ میں سب کے سامنے آئی کہ وہ سندھ پولیس کی گاڑیوں میں قابل ضمانت جرم میں لے جائے گئے۔ اگر یہ کام ہمیں کرنا ہوتا تو ہم قابل ضمانت دفعات کے تحت درخواست نہ دیتے، اس کے بعد محمد زبیر نے دروغ گوئی کی، سندھ پولیس کا ٹوئٹر بیان آیا کہ کارروائی قانون کے مطابق کی کی گئی، بعد میں سندھ پولیس نے اپنا بیان ہٹا دیا۔ سب جانتے ہیں سندھ پولیس کو احکامات کہاں سے ملتے ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آئی جی سندھ کو وفاقی ادارے کے اہلکار اٹھا کر لے جاتے ہیں لیکن مراد علی شاہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی، یہ کس قسم کا آئی جی ہے جس نے ایف آئی آر درج نہیں کرائی، آئی جی ان کا نام لیں جنہوں نے اغوا کیا، سندھ حکومت کے انکوائری کے اعلان بعد مزید کسی اعلان کی ضرورت نہیں، آئی جی اغوا ہوئے تو اس کا پرچہ بھی سندھ حکومت کو بھی کاٹنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ انہیں کس وفاقی وزیر نے فون کیا۔ احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی پر تنقید کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ آج پھر (ن) لیگی ٹھگ نے کلبھوشن کا نام لیا ہے، جھوٹوں کے پروفیسر نے کہا کہ حکومت بھارتی ایجنٹ کو فائدہ دینی چاہتی ہے، ہم عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں، کلبھوشن کے بارے میں بات کرنے والےعقل کے اندھے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پڑھیں۔


خبر کا کوڈ: 893452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893452/ا-ئی-جی-اغوا-ہوئے-مقدمہ-درج-کیوں-نہیں-کرایا-شہزاد-اکبر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org