0
Thursday 22 Oct 2020 18:49

کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ہم سے جواب مانگ رہے ہیں، مراد سعید

کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ہم سے جواب مانگ رہے ہیں، مراد سعید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ہم سے جواب مانگ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے کرپٹ، اشتہاری اور مفرور افراد کس منہ سے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ نواز شریف جیسا مصدقہ کرپٹ بھی اداروں پر تنقید کر رہا ہے، ملک لوٹا، جھوٹ بولا، پکڑے گئے پھر بھی چیخ و پکار کر رہے ہیں، اپوزیشن نے تحریری این آر او مانگا جس سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول پرچی لے کر آ جاتا ہے اور کہتا ہے کہ پارٹی کا چیئرمین ہوں، ان کا پاکستان سے اتنا ہی تعلق ہے جتنا درجن کا آلو سے ہے۔ وفاقی وزیر موصلات نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم کامیاب ہوئے، آج پاکستان ٹیررازم نہیں، ٹورازم کے نام سے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھر میں بیٹھی خواتین کا جلسے جلوسوں میں ذکر افسوسناک ہے۔ مزار قائد کے تقدس کو پامال کیا گیا، مزار قائد پر جو کیا گیا اس پر پوری قوم دکھی ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا، کورونا وبا کے دوران پاکستان کی پالیسی کو دنیا نے سراہا، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے آگے ناکام ہوا، عسکری اور سول قیادت نے مل کر کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 17 سال بعد پاکستان کرنٹ اکاوَنٹ خسارے سے نکل کر سرپلس میں آگیا ہے، پاکستان ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں ہماری وجہ سے نہیں، ان لوگوں کی وجہ سے گیا، منی لانڈرنگ قانون سازی کیلئے ان لوگوں نے تحریری این آراو مانگا، اپوزیشن نےایف اے ٹی ایف قانون سازی کے دوران روڑے اٹکانے کی کوشش کی۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کو ہم نہ لائے وہ دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل تھا، پانامہ اسکینڈل میں دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائےاعظم اور وزیر مستعفی ہوئے، کرپشن میں رنگے ہاتھوں آپ پکڑے گئے اور جواب ہم سے مانگ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 893478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش