0
Thursday 22 Oct 2020 21:07

جی بی کو صوبہ بنانے کے حق میں اسلام آباد میں ریلی نکالنے کا اعلان

جی بی کو صوبہ بنانے کے حق میں اسلام آباد میں ریلی نکالنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے سابق وزیر تعمیرات و تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کو پانچواں عبوری آئینی صوبہ بنانے سے نہ تو کشمیر کاز پر کوئی فرق پڑے گا نہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادیں اس کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ جب بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے گا تو گلگت بلتستان کے عوام حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ڈاکٹر محمد اقبال کا چیمبر آف کامرس کے عہدیداران کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کرکے غیر مشروط طور پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا۔ آج تہتر برس گزر چکے مگر ہمیں آئینی حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں صوبہ بنایا جائے۔

ڈاکٹر اقبال کا کہنا تھا کہ جی بی کی نوے فیصد آبادی کا مطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنایا جائے، قومی اسمبلی و سینٹ میں نمائندگی دی جائے، عبوری آئینی صوبہ بنانے میں جی بی کی عوام میں کوئی اختلاف نہیں۔ جی بی کو صوبہ بنانے کیلئے گلگت بلتستان اسمبلی کی قراردادیں موجود ہیں۔ سابقہ دور حکومت میں سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے واضح طور جی بی کو صوبہ بنانے کی سفارش کی تھی۔ سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ عبوری صوبہ بنانے سے کشمیر کاز متاثر نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر اقبال کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا پاکستان کے مفاد میں ہے۔ صوبہ بنانے سے پاکستان میں استحکام آئے گا اور بھارت کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبوری صوبہ کی حمایت میں اسلام آباد میں ریلی نکالی جائے گی جس میں گلگت بلتستان کے عوام، سیاسی، سماجی و سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 893502
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش