QR CodeQR Code

ہزاروں لوگوں کو اٹھا کر غائب کر دیا گیا، بازیابی کیلئے عدالتوں کی بھی کوئی نہیں سن رہا، سراج الحق

22 Oct 2020 21:42

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ بیرونی دنیا پریشان ہے کہ پاکستان میں تعلقات کیلئے کس سے بات کریں، ایوان صدر جائیں، وزیراعظم ہاوس یا پھر راولپنڈی جائیں، حکومت رات کو صرف ٹویٹر اور سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے۔ 


 اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کنٹینرز کے پیچھے نہ چھپے، لوگوں کے مسائل حل کرے، جب سے پی ٹی آئی برسر اقتدار آئی ہے، ملک کا بیڑہ غرق ہوگیا، موجودہ حکومت کے آنے سے تعلیم، صحت، زراعت، بزنس، سب کچھ تباہ ہوگیا، بیرونی دنیا پریشان ہے کہ پاکستان میں تعلقات کیلئے کس سے بات کریں، ایوان صدر جائیں، وزیراعظم ہاوس یا پھر راولپنڈی جائیں۔؟ حکومت رات کو صرف ٹویٹر اور سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے، سندھ میں ایک فرد کے اغوا سے پوری ریاست جاگ گئی جبکہ ملک سے ہزاروں لوگوں کو اٹھا کر غائب کر دیا گیا ہے، ان کی بازیابی کیلئے عدالتوں کی بھی کوئی نہیں سن رہا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم یونیورسٹیز کے پروفیسرز کے تمام مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان کیلئے شرم کا مقام ہے کہ آج اساتذہ بھی سڑکوں پر ہیں۔

چند ہزار اساتذہ کے مسائل حکومت حل نہیں کرسکتی تو 22 کروڑ عوام کا کیا بنے گا۔؟ حکومت نے تعلیم و صحت کے محکموں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھانے والے اساتذہ سے سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آتے ساتھ ہی یونیورسٹیز میں مداخلت شروع کر دی تھی۔ حکومتی مداخلت سے یونیورسٹیز کے بجٹ سٹاپ ہوگئے، اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے کو مسلسل التوا میں رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کو فی الفور حل کیا جائے، یونیورسٹیز کو سہولیات ملنی چاہئیں، حکومت پی ایچ ڈی اسکالرز کیلئے مراعات اور سکالر شپس دے۔ جب تک پی ایچ ڈی سکالرز کو. ملازمت نہیں ملتی، ان کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے، شرم کی بات ہے آج پی ایچ ڈی سکالرز بھی بے روزگار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 893510

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893510/ہزاروں-لوگوں-کو-اٹھا-کر-غائب-دیا-گیا-بازیابی-کیلئے-عدالتوں-کی-بھی-کوئی-نہیں-سن-رہا-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org