QR CodeQR Code

ملتان، 26 اکتوبر سے شروع ہونے والی 5 روزہ پولیو مہم کے انتظامات مکمل، 2408 ٹیمیں حصہ لیں گی

22 Oct 2020 22:12

ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 9 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، ضلع میں2408 پولیو ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی، ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشنز، ویگن اور بس اڈوں پر پولیو کے قطرے پلانے کے لئے155 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ 476 ایریا انچارج اور 140 یو سی ایم اووز پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ  ڈاکٹر ارشد ملک، ڈی ایچ او ڈاکٹر سید محمد علی مہدی کے علاوہ پولیس، اوقاف، محکمہ تعلیم کے افسران، ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا والدین کی قومی ذمہ داری ہے۔ پولیو ویکسین کے دو قطرے بچے کو ہمیشہ کے لئے معذوری سے نجات دلا سکتے ہیں۔ پولیو کے مرض کی وجہ سے عالمی برادری میں پاکستان کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ عامر خٹک نے کہا کہ وہ  خود پولیو مہم کو مانیٹر کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ کے افسران کو بھی اپنے ایریاز میں پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت کی اور توقع کا اظہار کیا کہ ہمارے قابل فخر پولیو ورکرز مہم کو کامیاب بنائیں گے، ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 26 اکتوبر سے شروع ہونے والی5 روزہ پولیو مہم کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمرکے 9 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ضلع میں 2408 پولیو ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی۔ ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشنز، ویگن اور بس اڈوں پر پولیو کے قطرے پلانے کے لئے155 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ 476 ایریا انچارج اور 140 یو سی ایم اووز پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 893517

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893517/ملتان-26-اکتوبر-سے-شروع-ہونے-والی-5-روزہ-پولیو-مہم-کے-انتظامات-مکمل-2408-ٹیمیں-حصہ-لیں-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org