0
Friday 23 Oct 2020 00:04

گلگت بلتستان میں ہماری حکومت بنے گی، بلاول بھٹو

گلگت بلتستان میں ہماری حکومت بنے گی، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خپلو میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہماری حکومت بنے گی۔ آپ کی اسمبلی جو قرارداد پاس کرے گی، ہماری جماعت قومی اسمبلی سے اس قرارداد کو پاس کرائے گی، ہماری جماعت روزگار دینے والی جماعت ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستانیوں کو روزگار دلایا، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں صنعتوں کو ترقی دیکر روزگار کا بندوبست کیا، صدر زرداری نے غریب ترین لوگوں کی مدد کے لیے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام دیا، موجودہ حکومت روزگار دینے کے بجائے پاکستانی عوام سے روزگار چھین رہی ہے۔ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی روزگار اور سہولیات دے سکتی ہے، سندھ میں بہترین صحت کی سہولیات دی جا رہی ہیں۔سندھ کی ایک تحصیل میں جگر کی پیوندکاری کی مفت سہولت دے رہے ہیں۔ پنجاب اور دیگر صوبوں کے عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سندھ کی طرح گلگت بلتستان میں بھی تعلیم اور صحت کی بہترین سہولت دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ صحت اور تعلیم کے ادارے پیپلز پارٹی کے دور میں بنے۔ میں دنیا کو پہلے جی بی جانے کا کہتا ہوں، بعد میں سندھ آنے کا کہتا ہوں۔ گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔ ہم نے جی بی کو بچانا ہے۔ اس نااہل سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبر پختون خواہ کو تباہ کیا۔ عمران خان کے یوٹرن اور پروپیگنڈہ پر یقین نہ کریں، ورنہ آپ کے نوجوانوں کو ایسے ہی تباہ کرے گا جیسے نوجوان ڈاکٹرز کے مستقبل کو تباہ کیا۔ مہنگائی سے عام لوگوں کو اس شخص نے تباہ کیا۔ ہم ہائبرڈ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم اس کٹھ پتلی حکومت سے جمہوریت کو بچائیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے سرحدی گاؤں سکسہ چھوربٹ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گلگت بلتستان کے عوام سے تاریخی رشتہ ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے شہید بھٹو کے رشتے کو برقرار رکھا۔ وہ خاتون ہونے کے باوجود سیاچن بھی گئیں۔ آپ بھٹو کے امیدواروں اور تیر کو ووٹ دیجیئے۔ آپ اسلام آباد کی قومی اسمبلی میں موجود نہیں، میں آپ کی آواز ہوں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بھٹو شہید اور بی بی شہید کے خوابوں کی تعبیر کرنا ہے۔ ہر پاکستانی کو پاسپورٹ دیا، تاکہ وہ روزگار کیلئے باہر جائیں۔ شہید محترمہ نے لیڈی ہیلتھ ورکر کو روزگار دیا۔ صدر آصف زرداری نے بی آئی ایس پی کے ذریعے غریبوں​ کی مالی معاونت کی۔ صدر آصف زرداری نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی بھی تنخواہ بڑھائی۔ سندھ میں دل، جگر کے ہسپتال بنائے۔ ہم گلگت بلتستان میں بھی بنائیں گے، یونیورسٹی بنائیں گے، تاکہ غریب کے بچے بھی تعلیم حاصل کرسکیں۔ گلگت بلتستان کو کٹھ پتلی سے پچانا ہے، جنہوں نے پنجاب کے پی کے کو تباہ کر دیا۔ اس سے گلگت بلتستان کو بچانا ہے۔ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوریت واپس لائے گی۔ مجھے آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ بھٹو شہید اور شہید بی بی کی طرح  مجھے ووٹ دیں، آپ سب بھٹو بن کر عوام تک میرا پیغام پہنچائیں۔ اس موقع پر قمر الزماں کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو این ایف سی میں حصہ دلائیں گے۔ جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
خبر کا کوڈ : 893532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش