QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا صدارتی آرڈیننس کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد کا خیرمقدم

23 Oct 2020 12:42

اپنے بیان میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ کے جزائر پر صرف سندھ کے عوام کا حق ہے، وفاقی حکومت اپنی ضد اور انا کو چھوڑ کر اسمبلی اور عوامی احتجاج کے پیش نظر بلاتاخیر صدارتی آرڈیننس کو واپس لے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے کراچی کے ساحل پر قائم ڈنگی و بھنڈار جزائر کو وفاق کے قبضے میں دینے کیلئے صدارتی آرڈیننس کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی ضد اور انا کو چھوڑ کر اسمبلی اور عوامی احتجاج کے پیش نظر بلاتاخیر صدارتی آرڈیننس کو واپس لے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے سندھ کے جزائر پر قبضہ کرنے کے آرڈیننس کو سندھ کے عوام غیر آئینی اور سندھ کے حقوق پر ڈاکہ سمجھتے ہیں، جس پر سیاسی، نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر پورا سندھ ایک آواز بن کر سراپا احتجاج ہے، سندھ کے جزائر پر صرف سندھ کے عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جزائر پر قبضہ کیلئے راتوں رات اور خفیہ طور پر صدارتی آرڈیننس غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ کے حقوق، ساحل وسائل اور دیگر عوامی اشیور پر سندھ کا ہر شہری متحد ہے، وفاقی کو سخت عوامی ردعمل اور سندھ اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد کے بعد اصولی اور اخلاقی طور پر جزائر پر قبضے کا آرڈیننس فوری طور پر واپس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے معزز ممبران قابل تحسین ہیں، جنہوں نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اس ایشو پر قرارداد منظور کی اور جنہوں نے مخالفت کی، ان کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں، ایسے لوگ اب دوبارہ سندھ کے عوام کے پاس ووٹ لینے کیلئے کیسے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 893581

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893581/جماعت-اسلامی-کا-صدارتی-آرڈیننس-کیخلاف-سندھ-اسمبلی-میں-قرارداد-خیرمقدم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org