0
Friday 23 Oct 2020 14:54

کراچی واقعے سے پتہ چل گیا کہ اصل حکومت کون ہے، مریم نواز

کراچی واقعے سے پتہ چل گیا کہ اصل حکومت کون ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازکا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت میں نہیں اور انہیں ڈمی بنا کرکرسی پربٹھایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بلوچ طلبہ کے احتجاجی دھرنے میں کہا کہ میں اس دھرنے میں سیاست کے لئے نہیں آئی، طلبا سے اظہاریک جہتی کیلیے آئی ہوں، میں پرسوں کوئٹہ جلسے میں ان طلبہ کا معاملہ اٹھاؤں گی، یہ طلبا پاکستان کا مستقبل ہیں اور 12 دنوں سے سڑکوں پر رل رہے ہیں، انہیں اسکالر شپ دینے والے آج جیل میں ہیں۔ نوازشریف نے پورے ملک کے طلبہ کو ان کا حق دیا۔ ایسی کیا آفت آگئی آپ کو اسکالر شپ واپس لینی پڑی۔ مریم نوازنے کہا کہ نوازشریف کے بغیر پاکستان اور شہبازشریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہے، پنجاب کے عوام کو پتہ ہے کہ کس نے ان کی خدمت کی ہے، بھائی کو بھائی سے لڑوانے کی سازش کی گئی، غلط فیصلوں کے نتائج عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں، کراچی واقعہ بڑوں کی لڑائی ہے جس میں عمران خان کہیں نہیں ہیں، اگر پارٹی کوئی غلط فیصلہ کر بھی لے تو اس کے اثرات سامنے آنا شروع ہو جاتے ہیں، میں پارٹی ڈسپلن کی پابند ہوں اس لئے کچھ نہیں کہنا چاہتی، یہ جتنے بھی کیس بنائیں گے، اپنے منہ پر ہی کالک ملے گی۔

مریم نوازنے کہا کہ یہ کہتے ہیں پنجاب بڑا بھائی ہے، میں کہتی ہوں بلوچستان بڑا بھائی ہے، اتوار کو کوئٹہ میں جلسہ ہے کل روانہ ہو رہی ہوں، شہبازشریف نے دل سے پنجاب کی خدمت کی، میاں صاحب ملک میں نہ ہو کر بھی مخالفین کے سروں پر سوار ہیں، شہبازشریف کو بھائی سے نہ لڑنے کی سزا دی جا رہی ہے، جتنے کیسز بنانے ہیں بنا لو، کراچی واقعے سے پتہ چل گیا کہ اصل حکومت کون ہے، وہ تو اب ڈمی بھی نہیں رہے، نواز شریف نے کہا تھا کہ ریاست کے اوپر ریاست ہے تو عمران خان نے کراچی واقعے میں اسے ثابت کردیا، اس واقعے میں کچھ چھپائیں گے تو ہم ایسا ہونے نہیں دینگے۔

مریم نوازنے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری کا وارنٹ تھا میرا نہیں، کراچی واقعے کی انکوائری رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔ مریم نواز کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے تو پاکستان کی کوئی بھی بہن بیٹی کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا، اسلام کے مطابق جنگ میں بھی ماں بہن کے ساتھ اسے سلوک کی اجازت نہیں ہے، مجھے ایک لمحے کے لئے خیال نہیں آیا کہ کراچی واقعے میں پیپلز پارٹی ملوث ہے۔

مریم نوازنے کہا کہ عمران خان حکومت میں نہیں انہیں ڈمی بنا کرکرسی پربٹھایا گیا ہے، خدا کا واسطہ ہے آپ جعلی ہی سہی لیکن وزیراعظم کی کرسی پربیٹھیں ہیں، حکومت جتنی گھبرائی ہوئی ہے شاید جنوری سے پہلے چلی جائے۔ مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت نے مرنا بھی مہنگا کردیا ہے، ان کا یہ حال اپوزیشن کی وجہ سے نہیں بلکہ عوام کی بددعاوں کی وجہ سے ہوا ہے۔ مریم نوازنے کہا کہ جلد یا بدیر عاصم سلیم باجوہ کو عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا، یہاں کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔ منتخب وزیراعظم اگر قانون کے سامنے ہو سکتے ہیں تو باقی کیوں نہیں ہو سکتے، آپ کو نیب اوردیگراداروں سے استثنی کیوں چاہیئے، عاصم باجوہ سے سوال کیا جا رہا ہے کہ ان کے پاس اربوں کھربوں کے اثاثے کہاں سے آئے۔
خبر کا کوڈ : 893601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش