0
Friday 23 Oct 2020 16:41

گلگت بلتستان میں محکمہ صحت میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کا حکم

گلگت بلتستان میں محکمہ صحت میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ سپریم اپیلٹ کورٹ نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے محکمہ صحت میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے اور 400 نئی اسامیوں پر تقرریوں کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سیکرٹری صحت اور سیکرٹری سروسز کو ہدایت کی کہ رواں ہفتے اسامیاں مشتہر کی جائیں۔ عدالت نے کہا کہ یہ عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ محکمہ صحت میں میرٹ پر قابل لوگوں کو بھرتی کیا جائے۔ عدالت نے سکردو شہر میں کم ازکم 20 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کرنے کے لیے آئل ڈپو بنانے اور کرونا وبا کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سکردو شہر، غذر اور استور میں آکسیجن پلانٹ لگانے کے بھی احکامات جاری کیے۔

چیف جج سید ارشد حسین شاہ اور سینئر جج وزیر شکیل احمد پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے 37 مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے متعدد پر فیصلہ دیا اور کئی مقدمات میں فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ سکردو شہر کے مختلف منصوبوں پراز خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے سیکرٹری صحت کو حکم دیا کہ فوری طور پر سکردو  شہر، غذر اور استور میں آکسیجن پلانٹ لگایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ کرونا وباء میں اس کی اشد ضرورت ہے۔ دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل گلگت بلتستان محمد اقبال نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ صحت کو 400 اسامیوں کی منظوری مل چکی ہے لیکن چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے ہم یہ تقریاں نہیں کرسکتے۔ انتخابات کے بعد یہ تقریاں ہونگی۔

عدالت نے چیف الیکشن کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں تقریوں پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کریں۔ یہ عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ عدالت نے سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری سروسز کو حکم دیا کہ وہ اسی ہفتے بذریعہ اشتہار ان اسامیوں کو مشتہر کریں اور میرٹ پر قابل لوگوں کو بھرتی کریں۔ عدالت نے سکردو شہر میں پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش کو بڑھانے کے لیے ڈائریکٹر پی ایس او اور سیکرٹری پیڑولیم کو حکم دیا کہ سکردو شہر میں کم ازکم بیس دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کرنے کے لیے آئل ڈپو بنایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ سکردو شہر گلگت بلتستان میں سیاحت اور دفاعی لحاظ سے اہم شہر ہے۔
خبر کا کوڈ : 893624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش