QR CodeQR Code

نریندر مودی پر بھروسہ کرنے پر مجھے افسوس ہے، محبوبہ مفتی

23 Oct 2020 22:10

پریس کانفرنس کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت میں برسر اقتدار پارٹی آئین کے بجائے اپنی پارٹی کا منشور ملک میں نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ اُسے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر اعتماد کرنے پر افسوس ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تب تک کوئی جھنڈا نہیں تھامیں گی جب تک جموں و کشمیر کا پرچم نہ لوٹایا جائے۔ اپنی رہائی کے بعد پہلی پریس کانفرنس کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت میں برسر اقتدار پارٹی آئین کے بجائے اپنی پارٹی کا منشور ملک میں نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہماری جد و جہد صرف دفعہ 370 کی بحالی تک محدود نہیں ہے بلکہ ہم مسئلہ کشمیر کا بھی حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو یہ سوچتے ہیں کہ ہم دفعہ 370 کو بھولیں گے، وہ بے وقوفوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ہم اُن قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی لیڈروں میں پہلی سیاستداں ہوں گی جو کاز کے لئے اپنا خون تک پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں اور لوگوں کو بھی متحد ہوکر لڑنا چاہیئے۔ یہ صرف ڈاکٹر فاروق عبداللہ، سجاد لون یا کسی اور لیڈر کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ ہم سب کی لڑائی ہے۔ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد ایک کے بعد ایک عوام مخالف فیصلے لئے گئے اور لوگوں کے جذبات مجروح کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی گئی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ تب تک کوئی بھی پرچم نہیں تھامیں گی جب تک جموں کشمیر کو اس کا جھنڈا نہ لوٹا یا جائے۔


خبر کا کوڈ: 893638

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893638/نریندر-مودی-پر-بھروسہ-کرنے-مجھے-افسوس-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org