QR CodeQR Code

پاکستان کے دشمن گلگت بلتستان میں شورش کی کوشش کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

23 Oct 2020 23:45

دفتر خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیوں پر تشویش ہے، وہاں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، گلگت بلتستان میں سیاسی اصلاحات پر اتفاق کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان کے دشمن وہاں شورش پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سرتاج عزیز رپورٹ کا تعلق نواز لیگ سے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، پاکستان میں ہر چھوٹی چیز کو بھارت اجاگر کرتا ہے، کراچی واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ نواز شریف کو واپس وطن بھیجے۔ دفتر خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیوں پر تشویش ہے، وہاں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، گلگت بلتستان میں سیاسی اصلاحات پر اتفاق کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان کے دشمن وہاں شورش پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سرتاج عزیز رپورٹ کا تعلق نواز لیگ سے ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں کوئی عدم استحکام نہیں ہے، پاکستان میں ہر چھوٹی چیز کو بھارت اجاگر کرتا ہے، کراچی واقعہ پر تحقیقات جاری ہیں، بہت سے لوگ متضاد باتیں کر رہے ہیں، سندھ کے وزیراعلیٰ کی نیوز کانفرنس اور اسمبلی میں خطاب میں تضادات ہیں، بلاول کی تقریر بھی سنی ہے، وہ دباؤ میں نظر آئے، انتظار کریں کہ حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ ملزمان کے تبادلے کا قانون نہیں ہے، نواز شریف کیوں باہر تشریف لے گئے تھے؟ ان کی صحت اور زندگی کی خاطر انہیں باہر بھجوایا گیا، ان کے بھائی شہباز شریف نے عدالت کو نواز شریف کی واپسی کی ضمانت دی تھی، جس پر انہیں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اخلاقی و سیاسی طور پر ازخود واپس آنا چاہیئے، وہ واپس آ کر عدالتوں کا سامنا کریں تو اچھا ہوگا، وہ مکمل صحتیاب اور سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔ برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ نواز شریف کو واپس وطن بھجیں۔ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن کے بارے میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کلبھوشن کے معاملے پر بھی سیاست کر رہی ہے، قومی ایشوز پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، آج پاکستان دشمن کی چال کو سمجھ چکا ہے، بھارت عالمی عدالت انصاف گیا، لیکن ناکام رہا، پاکستان نے آئی سی جے کے فیصلے پر عمل درآمد کیا، بھارت پاکستان کو دوبارہ عالمی عدالت انصاف میں گھسیٹنا چاہتا ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے وزیر خارجہ نے مطلع کیا کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے میں ناکام ہوگا، پاکستان نے اس بار ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، منی لانڈرنگ پر قانونی سازی کرچکے ہیں، ایف اے ٹی ایف کو پاکستانی کی کوششوں کا مثبت جواب دینا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 893685

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893685/پاکستان-کے-دشمن-گلگت-بلتستان-میں-شورش-کی-کوشش-کر-رہے-ہیں-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org