QR CodeQR Code

محبوبہ مفتی کو گرفتار کیا جائے، بی جے پی کا مطالبہ

24 Oct 2020 20:59

جموں میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بھاجپا کے جموں کشمیر صدر رویندر رینی نے کہا کہ میں لیفٹیننٹ گورنر سے گذارش کرتا ہوں کہ محبوبہ مفتی کو ملک سے بغاوت کی پاداش میں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جموں و کشمیر شاخ نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کو "ملک سے بغاوت کرنے کی پاداش" میں گرفتار کیا جائے۔ بھاجپا کو محبوبہ مفتی کے اس بیان پر اعتراض ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اُسی صورت میں ترنگا (بھارتی پرچم) اٹھائیں گی جب جموں کشمیر کو اس کا پرچم لوٹایا جائے گا۔ بھاجپا نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت جموں کشمیر کے ریاستی جھنڈے یا دفعہ 370 کو نہیں لوٹا سکتی ہے۔ جموں میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بھاجپا کے جموں کشمیر صدر رویندر رینی نے کہا کہ میں لیفٹیننٹ گورنر سے گذارش کرتا ہوں کہ محبوبہ مفتی کو ملک سے بغاوت کی پاداش میں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ملک کے پرچم کے لئے خون کا آخری قطرہ بھی دیں گے۔ جموں کشمیر ملک کا اٹوٹ حصہ ہے اس لئے یہاں صرف ایک ہی جھنڈ لہرایا جائے گا اور وہ قومی پرچم ہے۔ رویندر رینہ نے کہا کہ میں محبوبہ مفتی کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ کشمیری عوام کو بھڑکانے سے باز آئے، اگر کچھ غلط ہوا تو اُس کی ذمہ داری اُسی پر عائد ہوگی۔ رویندر رینہ کا کہنا تھا کہ اگر کشمیری لیڈر بھارت میں نہیں رہنا چاہتے ہیں تو اُنہیں پاکستان یا چین جانا چاہیئے۔ قابل ذکر ہے کہ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز اپنی پریس کانفرنس کے دوران جموں کشمیر کے سابق جھنڈے کی نمائش کی اور انہوں نے 5 اگست 2019ء کے پارلیمانی فیصلے کو ”ڈاکہ زنی“ قرار دیا۔


خبر کا کوڈ: 893825

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893825/محبوبہ-مفتی-کو-گرفتار-کیا-جائے-بی-جے-پی-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org