QR CodeQR Code

جی بی کو صوبہ بنایا جائے، اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

24 Oct 2020 22:07

احتجاجی جلسے کا اہتمام جی بی کی سول سوسائٹی نے کیا تھا جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، طلباء اور راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم گلگت بلتستان کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان صوبہ بناﺅ تحریک شدت اختیار کر گئی۔ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر سینکڑوں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور گلگت بلتستان کو فوری صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی جلسے کا اہتمام جی بی کی سول سوسائٹی نے کیا تھا، جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، طلباء اور راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم گلگت بلتستان کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گلگت بلتستان کو صوبہ بناﺅ، جی بی بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں سابق صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال، دیامر یوتھ کے امتیاز گلگتی، گانچھے کے محمد اقبال اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حاجی قربان علی سمیت طلباء تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر اقبال نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کے لوگ لمبی مسافت طے کر کے اسلام آباد میں آئے ہیں تاکہ جی بی کو صوبہ بناﺅ تحریک کا حصہ بن کر اپنی آواز اعلٰی ایوانوں تک پہنچا سکیں۔ آئینی صوبہ اور آئینی حقوق عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، حکومت کو عوام کے دیرینہ مطالبے پر فوری عمل کرنا چاہیئے، محمد اقبال گانچھے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہمیں اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جی بی کو صرف عبوری صوبہ بنایا جا رہا ہے جس سے کشمیر کاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، جی بی کو عبوری صوبہ بنانے سے یہ خطہ بدستور مسئلہ کشمیر کا حصہ رہے گا اور جب بھی کشمیری عوام کو حق رائے دہی کی اجازت مل جائے گی تو گلگت بلتستان کے لوگ بھی اس میں شامل ہو سکیں گے، اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ کشمیری بھائی بھی ہمارے ساتھ اس تحریک کا حصہ بنیں گے۔

امتیاز گلگتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو الیکشن تک انتظار نہیں کرنا چاہیئے اور فوری عبوری آئینی صوبہ بنانا چاہیئے، اس کیلئے تمام جماعتوں کے مابین ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جی بی اسمبلی کی کئی قراردادیں موجود ہیں اور آل پارٹیز کانفرنس میں بھی عبوری آئینی صوبہ کا متفقہ مطالبہ کیا جا چکا ہے۔ بعد ازاں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سید واجد حسین بخاری نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن اس اہم معاملے پر سیاست کر رہی ہے جو کہ قابل افسوس ہے، عبوری آئینی صوبہ جی بی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اب ہم سن رہے ہیں کہ موجودہ حکومت نے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کے مطابق گلگت بلتستان کو پاکستان کا عبوری آئینی صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا جو کہ خوش آئند ہے اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں اس فیصلے سے خوشی کی لہر دوڑ اٹھی ہے۔ ہمارے اس طویل لانگ مارچ کا مقصد یہ ہے کہ حکومت فی الفور جی بی الیکشن سے پہلے جی بی کو پاکستان کا عبوری آئینی صوبہ بنا کر وہاں کے لوگوں کی 73سالوں محرومیوں کا ازالہ کرے۔
 


خبر کا کوڈ: 893861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893861/جی-بی-کو-صوبہ-بنایا-جائے-اسلام-ا-باد-میں-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org