1
Saturday 24 Oct 2020 22:59
توہین آمیز خاکے

ادیان و پیغمبرانِ الہی کی توہین "آزادی اظہار رائے" نہیں، حماس

ادیان و پیغمبرانِ الہی کی توہین "آزادی اظہار رائے" نہیں، حماس
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے مسلم مقدسات اور حضرت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین پر مبنی فرانسیسی بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں فرانس کے اندر بڑھتی اسلام دشمنی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتہائی حساسیت کے ساتھ اس جیسی تمام کارروائیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی دین اور پیغمبرانِ الہی کی توہین نہ صرف "اظہار رائے کی آزادی" نہیں بلکہ یہ بنی آدم کے درمیان نفرت، تقسیم اور جھگڑے کا باعث ہے جبکہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم "رحمۃ للعلمین" ہیں اور وہ اسی خاطر مبعوث کئے گئے جنہوں نے اپنی زندگی کے دوران بارہا بقائے باہمی، بردباری اور دوسرے فریق کے احترام کا درس دیا ہے۔

حماس نے فرانس کی جانب سے یہ اقدامات بارہا دہرائے جانے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قابل مذمت اقدامات عوام اور حکومتوں کو باہمی لڑائی پر مجبور کر دیتے ہیں جبکہ اس وقت بنی نوع انسان کو بقائے باہمی اور بردباری کی اشد ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ حضرت رسول خدا (ص) کے خلاف توہین آمیز خاکے بنانے والے گستاخِ رسول فرانسیسی استاد کے ایک مسلم نوجوان کے ہاتھوں واصل جہنم ہو جانے کے 2 ہفتوں کے بعد فرانسیسی صدر سمیت اس ملک کے مختلف حکام کی جانب سے دینِ مبین اسلام کو "شدت پسند" قرار دیتے ہوئے توہین آمیز خاکوں کی حمایت کی گئی تھی جبکہ فرانسیسی صدر نے توہین آمیز خاکوں کی حمایت کو "سیکولرازم" کی حمایت قرار دیا تھا۔ دوسری طرف فرانسیسی حکومت کے ان اقدامات کے باعث فرانس میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق دارالحکومت پیرس میں گزشتہ روز 2  مسلمان خواتین پر شدت پسندوں کی جانب سے چاقو کے ساتھ حملہ بھی کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 893871
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش