0
Sunday 25 Oct 2020 18:41

آئی ایس او کا کنونشن نوجوانوں کی رائے سازی میں سنگ میل ثابت ہوگا، زاہد مہدی

آئی ایس او کا کنونشن نوجوانوں کی رائے سازی میں سنگ میل ثابت ہوگا، زاہد مہدی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری زاہد مہدی نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کا سالانہ کنونشن 6 نومبر سے جامعۃ المصطفیٰ لاہور میں ہوگا۔ جس میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلباء شریک ہونگے۔ زاہد مہدی نے کہا 10 روز بعد منعقد ہونیوالے کنونشن کی تشہیری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملک بھر کی تمام ڈویژن میں تشہیری مواد کو ارسال کر دیا گیا ہے جبکہ طلباء تنظیموں، علماء کرام، دانشوروں، ڈاکٹرز، سیاسی و مذہبی شخصیات سے رابطہ کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین کنونشن کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کا سالانہ مرکزی کنونشن باشعور نوجوانوں کی رائے سازی میں سنگ میل ثابت ہوگا، کسی بھی ملک یا قوم کا مستقبل اس کی نوجوان نسل ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل عالمی استعماری قوتوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے اور منظم سازشوں کے تحت نوجوان نسل کو تباہی کے رستے پر ڈال کر اس کا مستقبل تاریک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نوجوانوں کی فکری تربیت کرکے انہیں استعمار کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہی ہے اور پاکستان کے تعلیمی اداروں میں نظریاتی جنگ لڑ رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی کنونشن ملت کے باشعور امامیہ نوجوانوں میں جوش و جذبہ کا سبب بنے گا اور ان کی عملی زندگی میں بھی رہنمائی کرے گا، آئی ایس او کا سالانہ "حمایت مظلومین جہاں و آزادی القدس" کنونشن نوجوان نسل کی ترقی اور فکری بالیدگی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ زاہد مہدی نے کنونشن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایس او کا 49واں سالانہ کونشن "حمایتِ مظلومینِ جہان و آزادی قدس" کے عنوان سے 6، 7 اور 8 نومبر کو لاہور میں منعقد ہوگا۔ کنونشن میں نئے میر کاررواں کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔ کنونشن میں شہداء کے لواحقین کیساتھ بھی خصوصی نشست کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ سٹڈی سرکلز اور حمایت مظلومین جہاں کانفرنس بھی ہوگی جبکہ کنونشن کے آخری روز 8 نومبر کو حمایت مظلومین جہاں و آزادی قدس ریلی نکالی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 893901
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش