QR CodeQR Code

ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ ہوم ورک کے فقدان اور قانون کے مسودے میں لاپرواہی برتنے کا نتیجہ ہے، شیری رحمٰن

25 Oct 2020 11:17

نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن رہنما نے کہا کہ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں، ایسا پہلے بھی بہت آسانی سے کیا جاچکا ہے اور دوبارہ بھی ہوسکتا ہے، حکومت نے متعدد قوانین روندے، پارلیمان کی بے عزت کی اور یہ قوانین منظور کروائے جو ایف اے ٹی کو درکار بھی نہیں تھے۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ملک کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکالنے میں ناکامی پر حکومت سے وضاحت مانگ لی۔ تاہم حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو مزید 4 ماہ تک گرے لسٹ میں رکھنے کے متفقہ فیصلے کو سفارتی کامیابی قرار دیا۔ نجی ٹی وی مطابق پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ ہوم ورک کے فقدان اور قانون کے مسودے میں لاپرواہی برتنے کا نتیجہ ہے۔ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی رہنما شیری رحمٰن نے ایک بیان میں کہا کہ حکومتی ادارے اپنا کام وقت پر کیوں نہیں کرتے؟ ایف اے ٹی ایف کے اندرونی ذرائع سے آنے والی خبروں کے مطابق قانون کا مسودہ تیار کرنے میں واضح طور پر لاپرواہی پرتی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ اپوزیشن کو ہدف بنانے کے بہانے کے طور پر کالے قوانین منظور کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کی حقیقی شرائط کو نظر انداز اور ادھورا کام کیا گیا۔ وفاقی ویزر حماد اظہر کے ایک ٹوئٹر بیان کے تناظر میں رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ملک اب تک گرے لسٹ میں ہے اور وزرا مبارکبادوں کے پیغامات دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان انسداد منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) اور دہشت گردی کے لیے معاونت کی روک تھام (سی ایف ٹی) کے حوالے سے 27 نکاتی ایکشن پلان میں بقیہ 6 پر عملدرآمد کرنے کے لیے آئندہ 4 ماہ یعنی فروری 2021 تک گرے لسٹ میں برقرار رہے گا۔ شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت کو اس بات کی وضاحت کرنی پڑے گی کہ یہ پاکستان کو گرے لسٹ سے خارج کروانے میں کیوں ناکام رہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں، ایسا پہلے بھی بہت آسانی سے کیا جاچکا ہے اور دوبارہ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے متعدد قوانین روندے، پارلیمان کی بے عزت کی اور یہ قوانین منظور کروائے جو ایف اے ٹی کو درکار بھی نہیں تھے۔ رہنما پی پی پی نے کہا کہ انہوں نے اس سے کیا حاصل کیا، اب بھی ایکشن پلان کے 6 نکات باقی ہیں جنہیں مکمل کرنے کی ضرورت ہے، عالمی واچ ڈاگ نے حکومت کو 2019 کے آخر تک ایکشن پلان پر عملدرآمد کا کہا تھا جس میں کووِڈ 19 کی وجہ سے توسیع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے کوئی خاص پیش رفت نہ ہونے کے باوجود حکومت کو اپوزیشن کا شکار بنانے کے بجائے ایف اے ٹی ایف کے مطالبات پورے کرنے پر توجہ دینی چاہیئے۔ شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ ہم نے کسی سرکس کے بغیر پاکستان کو کئی فہرستوں سے خارج کروایا ہے جبکہ زمینی صورتحال زیادہ سخت تھیں۔


خبر کا کوڈ: 893925

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893925/ایف-اے-ٹی-کا-فیصلہ-ہوم-ورک-کے-فقدان-اور-قانون-مسودے-میں-لاپرواہی-برتنے-نتیجہ-ہے-شیری-رحم-ن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org