QR CodeQR Code

کوئٹہ جلسہ کی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، چیف سیکرٹری بلوچستان

25 Oct 2020 11:19

شرکاء اجلاس سے گفتگو میں کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا کہ نیکٹا کی طرف سے جو دہشتگردی کا تھریٹ جاری ہوا ہے اسکے پیش نظر دہشت گردوں کے خاص کر کوئٹہ میں کاروائی کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اپوزیشن بھی اس تھریٹ اس کو سنجیدگی سے لیں، حالانکہ صوبائی حکومت نے جلسے کی سکیورٹی کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت آج ہونے والے اپوزیشن کے جلسے کی سکیورٹی اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے سے متعلق اعلٰی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے، پی ڈی ایم کے 25 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے لیے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلیے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں قائدین اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیکٹا کی طرف سے جو دہشتگردی کا تھریٹ جاری ہوا ہے اسکے پیش نظر دہشت گردوں کے خاص کر کوئٹہ میں کاروائی کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اپوزیشن بھی اس تھریٹ اس کو سنجیدگی سے لیں، حالانکہ صوبائی حکومت نے جلسے کی سکیورٹی کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے سے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ موجود ہے تو اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے جلسے میں آنے والوں کیلیے ماسک اور سینیٹائزر فراہم کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی حکومت کی جانب سے دیئے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، تاکہ وائرس کا پھیلنے کا خطرہ نہ ہو۔ انہوں نے شہر میں ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلیے دفعہ 144 لگانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو جلسے کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی چیف سیکرٹری نے جلسے کیلیے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 893926

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/893926/کوئٹہ-جلسہ-کی-سکیورٹی-کے-تمام-انتظامات-مکمل-ہیں-چیف-سیکرٹری-بلوچستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org