0
Sunday 25 Oct 2020 12:21

گلگت بلتستان کو لاڑکانہ اور تھر نہیں بنانے دینگے، کاظم میثم

گلگت بلتستان کو لاڑکانہ اور تھر نہیں بنانے دینگے، کاظم میثم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سینیئر رہنماء و قانون ساز اسمبلی کے امیدوار محمد کاظم میثم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی سڑکیں قبرستان بنی ہوئی ہیں، صحت، تعلیم اور بجلی کا نظام درہم برہم ہے، یہاں کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ بعض لٹیرے گلگت بلتستان کو لاڑکانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم اپنے علاقے کو لاڑکانہ ہرگز نہیں بننے دیں گے، لاڑکانہ میں مائیں، بہنیں سڑکوں پر بچے جنم دے رہی ہیں، تھر میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، یہاں کے عوام کے حقوق کی بات کرنے والے پہلے لاڑکانہ اور تھر کے عوام کو جینے کا حق دیں۔ سکردو نیانیور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے تین تین مرتبہ یہاں حکومتیں کی ہیں، وہ یہاں کے عوام کو سہولیات دینے کا دعویٰ کر رہے ہیں، ہم ان لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے اس وقت گلگت بلتستان کو حقوق کیوں نہیں دیئے، جس وقت وہ یہاں حکمراں تھے۔؟

کاظم میثم نے کہا کہ ہم باور کرانا چاہتے ہیں کہ لٹیروں، چوروں اور ڈاکووں کا گھیرا تنگ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان دل آزار تقاریر نہ کریں، علاقائی، لسانی اور مسلکی کارڈ کا استعمال بالکل نہیں ہونا چاہیئے، میں اس کے بالکل حق میں نہیں ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغا سید علی رضوی نے کہا کہ جو لوگ یہاں کے عوام کےحقوق کی بات کر رہے ہیں، وہ صرف اور صرف عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، عوام ہوشیار رہیں، بعض لوگ الیکشن جیتنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں، بعض لوگ جیب میں پیسے لیکر گھوم رہے ہیں، عوام پیسے لیکر پھرنے والوں کو مسترد کریں۔ نامور عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ سید علی رضوی کے گلگت بلتستان کے عوام پر بےشمار احسانات ہیں، عوام کو چاہیئے کہ وہ احسان کا بدلہ چکائیں اور 15 نومبر کو ان کے نامزد کردہ امیدوار کو ووٹ دیں۔
خبر کا کوڈ : 893931
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش