0
Sunday 25 Oct 2020 19:56

گلگت بلتستان میں حکومت بنا اور جشن منا کر واپس جائونگا، بلاول بھٹو

گلگت بلتستان میں حکومت بنا اور جشن منا کر واپس جائونگا، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے عبوری صوبے کے لالی پاپ کے ساتھ جی بی میں انتخابی مہم شروع کی ہے، یہ ایسے ہی لالی پاپ ہے جو پہلے جنوبی پنجاب کو دیا تھا، عمران خان نے دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں اعلان کیا تھا کہ سو دن کے اندر اندر جنوبی پنجاب صوبہ بناﺅں گا، جنوبی پنجاب کے عوام عمران خان سے پوچھیں کہ ان کے صوبے کا کیا بنا، جنوبی پنجاب کے عوام کو نہ صوبہ ملا نہ ہی تبدیلی، عمران کی شکل میں صرف تباہی ملی۔ شگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم نے دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنائیں گے اور مالیاتی شیئر میں اضافہ کرینگے، ہم نے اپنا منشور کسی ایمپائر سے مل کر نہیں بنایا، ہم کسی کی کٹھ پتلی نہیں، ہمارا منشور پورے جی بی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اور یہ مطالبہ پوری دنیا کو بتانے کیلئے میں یہاں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب اس خطے کے مستقبل کے فیصلے ہو رہے ہیں تو ایسے وقت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑوں گا اور پندرہ نومبر تک یہاں ہی موجود رہوں گا، ہم یہاں کسی خلائی مخلوق کو ووٹ چوری کرنے اور ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے، میں یہی رہوں گا، یہاں حکومت بنا کر عوام کے ساتھ جشن منا کر پاکستان جائیں گے اور وہاں قومی اسمبلی و سینیٹ میں جی بی کے مسائل کو اٹھا کر ان کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرینگے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ بھٹو نے یہاں ایف سی آر اور راجگیری نظام کا خاتمہ کیا تھا، اب سنا ہے کہ عمران خان پھر سے یہاں راجگیری نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ جی بی میں بھٹو کے کارنامے آج بھی موجود ہیں، گندم پر سبسڈی بھٹو نے دی تھی، جس سے آج تک جی بی کے عوام استفادہ کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے بی آئی ایس پی جیسا انقلابی پروگرام شروع کیا، جس سے گلگت سے گوادر تک کی غریب خواتین کو فائدہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان کے عوام کو عمران خان کی ناکامی اور سلیکٹڈ حکومت سے بچانا ہے، ہم یہاں کے نوجوانوں کو مزید بیروزگا ہونے نہیں دینگے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک ایک بھی نوکری دینے کی بجائے ستر لاکھ لوگ بیروزگار ہوگئے، سرکاری ملازم بھی سراپا احتجاج ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز دھرنا دیئے بیٹھی ہیں، جو حال پنجاب میں بزدار کی صورت میں کیا اور جو حال کے پی کے کا ہوا، وہ جی بی کے ساتھ نہیں کرنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے سندھ میں مفت علاج کے ہسپتالوں کا جال بچھایا ہے، دل کے علاج کے ہسپتال میں علاج بالکل مفت ہے، جگر کی پیوندکاری کے ہسپتال قائم کیے، جس سے پنجاب، سندھ ، کے پی کے اور افغانستان کے مریض بھی فیض حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی اور عوامی حکومت میں فرق ہے، جب ہماری حکومت تھی تو اس وقت بھی اقتصادی بحران تھا لیکن ہم نے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا، ہم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اور پاک فوج کے ملازمین کی تنخواہوں میں ایک سو پچاس فیصد اضافہ کیا، لیکن اس وقت کٹھ پتلی حکومت ہے، جو عوام کے کھانے پینے کی چیزیں مہنگی کر رہی ہے، اس سلیکٹڈ حکومت نے ہر جگہ تباہی مچائی ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنی تقریر کے دوران حلقے کے امیدوار عمران ندیم کے مطالبے پر کراچی میں طلباء کیلئے ہاسٹل کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 893976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش