1
Sunday 25 Oct 2020 23:19

یمن کی آزادی، فلسطینی آزادی کے رستے میں اٹھایا جانیوالا ہمارا پہلا قدم ہے، میجر جنرل عاطفی

یمن کی آزادی، فلسطینی آزادی کے رستے میں اٹھایا جانیوالا ہمارا پہلا قدم ہے، میجر جنرل عاطفی
اسلام ٹائمز۔ یمنی دارالحکومت صنعاء میں عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے منعقد ہونے والی "علمائے یمن کانفرنس" کے موقع پر یمنی وزیر دفاع میجر جنرل محمد ناصر العاطفی نے کہا ہے کہ اس اہم مناسبت پر ہم ایک مرتبہ پھر تاکید کرتے ہیں کہ قابض اور جارح قوتوں کے چنگل سے یمنی سرزمین کی آزادی، ہماری جانب سے مسجد الاقصی اور فلسطین کے ابدی دارالحکومت قدس شریف کی آزادی کے لئے اٹھایا جانے والا پہلا قدم ہے۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق یمنی وزیر دفاع نے بعض عرب ممالک کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج امتِ مسلمہ و فلسطینی قوم سے غداری اور مسئلۂ فلسطین کی خرید و فروخت پر مبنی جو اقدامات سامنے آ رہے ہیں، تاریخی و جغرافیائی حقیقتوں کو بدل نہیں سکتے۔

دوسری طرف یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے بھی اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم اس موقع پر تمام دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگرچہ بعض ممالک نے امتِ مسلمہ کی مقدس ترین مقدسات سے پیٹھ پھیر لی ہے تاہم ہنوز ایسی آزاد اقوام بھی موجود ہیں جو اپنی مقدسات سے کبھی پیٹھ نہیں پھیریں گی جبکہ فلسطینی قوم ان اقوام میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سخت ترین محاصرے اور جدید جاہلیت کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے حال میں امتِ مسلمہ کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں جبکہ ہم پر جارحیت مسلط کرنے والے ممالک علی الاعلان یہودیوں کے ساتھ جا ملے ہیں۔ انہوں نے آخر میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر مسلط کی جانے والی جارحیت؛ صیہونی-امریکی جارحیت ہے۔
خبر کا کوڈ : 894001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش