QR CodeQR Code

اسلام مخالف مہم پر اجتماعی فیصلے کا وقت آگیا، شاہ محمود قریشی

26 Oct 2020 11:41

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا بڑھتا ہوا ٹرینڈ ہے جس کی نشاندہی کی تھی، وزیراعظم نے اپنی یو این تقریر میں کہا تھا کہ اس رجحان پر قابو نہ پایا تو معاملات بگڑیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسلام مخالف مہم پر اجتماعی فیصلے کا وقت آ گیا، فرانس کے سفیر کو آج دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا ہے جہاں ان سے اسلام مخالف مہم پر احتجاج کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مہذب ملکوں کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے، پاکستان کے عوام اور حکومت کے جذبات فرانسیسی سفیر کے سامنے رکھے جائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا بڑھتا ہوا ٹرینڈ ہے جس کی نشاندہی کی گئی تھی، وزیراعظم عمران خان نے اپنی یو این تقریر میں کہا تھا کہ اس رجحان پر قابو نہ پایا تو معاملات بگڑیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہولوکاسٹ کیخلاف مہم پر معاشروں نے پابندی لگائی، وقت آ گیا ہے کہ اب اس معاملے پر بھی اجتماعی فیصلہ ہونا چاہیے، نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں قرارداد پیش کروں گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قرارداد کا مقصد مسلم امہ کو یکجا کرنا اور احساس دلانا ہے اس معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے، قرارداد کا مقصد ایسی اشاعت پر قانونی طور پر پابندیاں لگوانا ہے اور اسلاموفوبیا کے خلاف تمام دنیا کے مذاہب اور لوگ یکجا ہوں۔ شاہ محمود نے کہا کہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب کے ذریعے مشترکہ قرارداد لانے کا ارادہ ہے، مشترکہ قرارداد لانے کا مقصد ہے اسے اقوام متحدہ کے فورم سے بھی تائید ملے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رجحان نہ تھمنے سے آنے والے دنوں میں بھیانک واقعات رونما اور معصوم لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 894064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894064/اسلام-مخالف-مہم-پر-اجتماعی-فیصلے-کا-وقت-ا-گیا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org