0
Monday 26 Oct 2020 20:27

بلوچستان پاکستان کا لازمی جزو اور ہمارا دل ہے، پیر اعجاز ہاشمی

بلوچستان پاکستان کا لازمی جزو اور ہمارا دل ہے، پیر اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی کی کوئٹہ جلسے میں تقریر سے منسوب بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا لازمی جزو اور ہمارا دل ہے، بلوچستان کے عوام محب وطن، جمہوریت پسند اور اداروں کا احترام کرنیوالے ہیں، ہم تو ان کے حقوق کی جنگ لڑنے کی بات کر رہے ہیں، صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے بلوچستان کے عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے تسلط سے آزادی کی بات کی ہے، جو انتخابات میں مداخلت کرکے مینڈیٹ کیخلاف عوام پر حکومت مسلط کرتے چلے آ رہے ہیں، جو قدرتی وسائل سے مالامال بلوچستان کے علاقے سوئی اور گوادر کے وسائل کو استعمال تو کرتے ہیں مگر یہاں کے عوام کے حقوق تسلیم نہیں کرتے۔

لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ شاہ اویس نورانی نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے اور وہ بحیثیت مرکزی صدر ان کی وضاحت سے مطمئن ہیں، پی ڈی ایم کا ہدف غیر جمہوری قوتوں کی سیاست میں غیر آئینی مداخلت روکنا ہے، اس لئے کچھ بکاو میڈیا چینلز نے اویس نورانی کے بیان کی رائی کو پہاڑ بنانے کی سازش کی، جو کہ قابل مذمت اور میڈیا کی آزادی کے دعووں کی برعکس ہے، ایسے پروپیگنڈہ کا مقصد پی ڈی ایم کے جلسوں کو غیر موثر کرنے کی سازش اور عوام کے مطالبات سے توجہ نان ایشوز کی طرف مبذول کروانا ہے مگر عوام اور ملک کا دانشور طبقہ حقائق سے آگاہ ہے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے واضح کیا کہ بلوچستان کے مسائل اور ان کے ذمہ داروں سے صرف نظر ممکن نہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلوچستان سمیت پاکستان بھر کی سیاست کو غاصبوں سے آزادی دلاکر عوام کو حقوق دئیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 894144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش