QR CodeQR Code

قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف قرارداد منظور، فرانس سے سفیر وابس بلانے کا مطالبہ

26 Oct 2020 20:31

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قرارداد کا متن پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی حضور کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ فرانسیسی صدر میکرون نے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا، حجاب کیخلاف اقدامات قابل مذمت ہیں، 15 مارچ کو اسلامو فوبیا پر عالمی دن منانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی نے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے فرانس سے سفیر واپس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ قومی اسمبلی نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی۔ قراداد منظور ہونے کے ساتھ ہی ایوان کی نعرہ تکبیر گونج اٹھا، حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی الگ الگ قراردادوں کو مجتمع کرکے متفقہ قرارداد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیش کی جس پر حکومت و اپوزیشن وزراء، پارلیمانی لیڈرز اور ارکان کے دستخط موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قرارداد کا متن پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی حضور کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ فرانسیسی صدر میکرون نے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا، حجاب کیخلاف اقدامات قابل مذمت ہیں، 15 مارچ کو اسلامو فوبیا پر عالمی دن منانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ گستاخانہ خاکوں کا نوٹس لیکر اقدامات کرے، یہ ایوان او آئی سی ممالک سے فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتا ہے، یہ ایوان او آئی سی اور نان او آئی سی سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسی توہین کو روکنے کے لئے قانون سازی کرے۔ اس سے قبل قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز میں حکومت و اپوزیشن میں گرما گرمی ہوئی جس کے بعد فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف اپوزیشن اور حکومت نے الگ الگ قراردادیں پیش کیں۔ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اپوزیشن کی جانب سے خواجہ محمد آصف نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف قرارداد پیش کی۔

خواجہ آصف نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کی الگ سے قرارداد اس لئے پیش کی کیونکہ ہمیں حکومت پر اعتماد نہیں، متحدہ اپوزیشن فرانس کے میگزین میں شائع خاکوں کی مذمت کرتی ہے۔ فرانس کی طرف سے دو ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اپوزیشن کی قرارداد مطالبہ کرتی ہے کہ فرانس سے اپنا سفیر واپس بلایا جائے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہمیں معاملے پر یک زبان ہونے کی ضرورت ہے لہذا دس منٹ کا وقفہ کرکے اختلافات کو ختم کیا جائے اور ایک ہی قرارداد پیش کی جائے جس پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس 10 منٹ کے لیے ملتوی کردیا۔


خبر کا کوڈ: 894149

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894149/قومی-اسمبلی-میں-گستاخانہ-خاکوں-کیخلاف-قرارداد-منظور-فرانس-سے-سفیر-وابس-بلانے-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org