QR CodeQR Code

گلگت بلتستان انتخابات، ضابطہ اخلاق کی نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل

26 Oct 2020 22:19

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے امیدواروں کی انتخابی مہم، تقاریر اور جلسوں کی مانیٹرنگ کیلئے ہر ڈسٹرکٹ اور حلقوں میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دیدیں۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور ہر حلقوں میں دو افسران پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی نگرانی کریگی۔


اسلام ٹائمز۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے امیدواروں کی انتخابی مہم، تقاریر اور جلسوں کی مانیٹرنگ کیلئے ہر ڈسٹرکٹ اور حلقوں میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دیدیں۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور ہر حلقوں میں دو افسران پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی نگرانی کریگی۔ الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع گلگت میں اے ڈی سی عثمان احمد ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر جبکہ اے سی اصغر خان اور تحصیلدار عاطف اللہ مانیٹرنگ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ ضلع نگر میں اے سی شبیر حسین کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر جبکہ بوائز کالج کے لیکچرار منصور علی اور بوائز ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر انوار حسین کو مانیٹرنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع ہنزہ میں اے سی علی آباد عامر تیمور کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر جبکہ ایس ڈی او بی اینڈ آر ریاض اور تحصیلدار علی آباد فرمان علی کو مانیٹرنگ آفیسرز مقرر کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ سکردو میں ڈپٹی کمشنر محمد انس اقبال ڈی ایم او (ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر) ہوں گے جبکہ جی بی ڈی ایم اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر غفران بیگ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس ڈی اے محمد نوید مانیٹرنگ ٹیم میں شامل ہوں گے۔

ضلع کھرمنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن علی حیدر ڈی ایم او جبکہ ایل جی اینڈ آر ڈی کے امداد علی اور قمر عباس کو مانیٹرنگ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ شگر کی مانیٹرنگ ٹیم میں ڈی ایچ او محمد اشرف حسین ڈی ایم او جبکہ ایل جی اینڈ آر ڈی کے پروجیکٹ منیجر زیشان حیدر اور ایس ڈی او واٹر اینڈ پاور شیر محمد شامل ہیں۔ استور میں ڈی سی محمد طارق کو ڈی ایم او جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر اجلال اور تحصیلدار مولا داد کو مانیٹرنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ دیامر میں ڈی سی اعجاز قاسم ڈی ایم او جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ عادل حسین اور ایل جی اینڈ آر ڈی کے پراجیکٹ منیجر عرفان ولی مانیٹرنگ آفیسر ہوں گے۔ غذر میں ڈی سی ثناء اللہ ڈی ایم او جبکہ ان کے ساتھ ٹیم میں اے سی گوپس زبیدہ بتول اور تحصیلدار خالد انور شامل ہوں گے۔ ضلع گانچھے میں اے سی مشہ بروم نثار علی کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر جبکہ ڈی سی آفس کے اے او اسحاق علی اور سوشل ویلفیئر کے غلام نبی ٹیم ممبر ہوں گے۔ الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں اپنے دائرہ اختیار والے حلقوں میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی نگرانی کریں گی اور کسی بھی حلقے میں کسی بھی جماعت یا امیدوار کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فوری رپورٹ پیش کریں گی۔


خبر کا کوڈ: 894179

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894179/گلگت-بلتستان-انتخابات-ضابطہ-اخلاق-کی-نگرانی-کیلئے-ٹیمیں-تشکیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org