0
Monday 26 Oct 2020 23:00

پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے والی ہے، بلاول بھٹو زرداری

پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے والی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے والی ہے کیونکہ یہ تبدیلی کی حکومت نہیں تھی بلکہ پاکستان اور اس کے عوام کے لئے تباہی کی حکومت تھی۔ پی ٹی آئی دروغ گو لوگوں کی ایک پارٹی ہے جس نے مشکل حالات میں پاکستان کے عوام کو اکیلا چھوڑ دیا ہے۔ بلتستان کے ضلع کھرمنگ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کھرمنگ ہی وہ جگہ ہے جہاں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹم بم کے پروگرام کا اعلان کیا تھا اور اسی ایٹم بم کی صلاحیت کی وجہ سے آج ہم بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتے ہیں اور بھارت کو پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذو الفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جی بی کے عوام کے لئے جو خواب دیکھے تھے انہیں وہ پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جی بی کے عوام نے شہید ذو الفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور صدر زرداری کو خدمت کا موقع دیا تھا انہیں بھی دیں گے۔ پیپلزپارٹی نے جی بی کے عوام کو ووٹ کا حق دیا اور انہیں ان کی شناخت دی۔ انہیں جی بی کی عوام سے کوئی جدا نہیں کر سکتا اور یہ ان کا جی بی کا تیسرا دورہ ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی منشور 2018ء میں جو وعدے جی بی کے عوام سے کئے گئے تھے وہ پورے کئے جائیں گے۔ پی پی پی جی بی کے عوام کو بھی ویسے ہی حقوق دلوائے گی جیسے پارٹی نے آئین میں اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے دیگر صوبوں کو دلوائے ہیں۔ پیپلز پارٹی جی بی کے عوام کے لئے روزگار، تعلیم اور صحت کے مواقع پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ہم جی بی میں بھی اسی طرح مفت علاج کے ہسپتال بنائیں گے جس طرح سندھ میں قائم کئے ہیں۔ ہم جی بی کے ہر ضلع میں یونیورسٹیاں اور کیمپس بنائیں گے تاکہ ایک غریب آدمی کا بچہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسٹیل ملز اور ہیوی انڈسٹریل کملیکس بنایا تھا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے لیڈی ہیلتھ ورکز کا پروگرام شروع کیا تھا تاکہ روزگار مل سکے۔ صدر زرداری نے غریب خواتین کے لئے بی آئی ایس پی پروگرام شروع کیا تھا۔ اس طرح کے اقدامات سے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں حزب مخالف کا اتحاد پی ڈی ایم حقیقی جمہوریت کے لئے جدوجہد کر رہا ہے اور جس طرح جی بی کے عوام نے ایم آر ڈی اور اے آر ڈی کی جدوجہد میں حصہ لیا تھا اسی طرح پی ڈی ایم کے لئے جدوجہد میں بھی حصہ لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 894190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش