QR CodeQR Code

پاراچنار، شلوزان فائرنگ واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی تدفین، 6 افراد گرفتار

27 Oct 2020 00:42

کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل سے علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی ہے۔ جاں بحق افراد کی تدفین انکے آبائی قبرستان شلوزان میں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے کر دی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ اپر کرم کے علاقے شلوزان میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ دو کمسن بچے زخمی ہوگئے تھے، پولیس نے قتل کے الزام میں چھ افراد گرفتار کر لئے، دوسری جانب آج جاں بحق افراد کی تدفین سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے آبائی قبرستان شلوزان میں کر دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے شلوزان میں مسلح افراد نے زیر تعمیر مکان میں مزدوروں کا کھانا لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں انجینئر اسد علی، یداللہ، کمسن ایان حیدر اور حاضر سروس فرنٹیئر کور اہلکار صادق حسین موقع پر جاں بحق جبکہ کمسن بچہ صفدر عباس اور بچی انعم فاطمہ شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فائرنگ اور قتل کے الزام میں چھ افراد گرفتار کر لئے، کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل سے علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی ہے۔ جاں بحق افراد کی تدفین ان کے آبائی قبرستان شلوزان میں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے کر دی گئی۔

ایک ہی گھر سے بیک وقت چار جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام برپا ہوگیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی، مقتول اسد علی کے بھائی ناصر مہدی کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی شاملاتی زمینوں میں بیواؤں اور یتیموں سمیت علاقے کے ہر ایک فرد کو اپنا حصہ دلانا چاہتے تھے اور عدالتوں میں اس حوالے سے کیس بھی چل رہا تھا اور ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ناصر مہدی کا کہنا تھا کہ قاتلوں نے ان کے خاندان کے بچوں سمیت چار افراد کو قتل کرکے نا انصافی اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے، عدالت اور متعلقہ حکام قاتلوں کو قرار واقعی سزا دیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کرم محمد قریش خان کا کہنا تھا کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور قتل کے واقعے میں ملوث افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔


خبر کا کوڈ: 894213

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894213/پاراچنار-شلوزان-فائرنگ-واقعہ-میں-جاں-بحق-ہونیوالے-افراد-کی-تدفین-6-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org