0
Tuesday 27 Oct 2020 08:44

حکومت فوری طور پر فرانس کا سفارتی بائیکاٹ کرے، علامہ عبدالخالق اسدی

حکومت فوری طور پر فرانس کا سفارتی بائیکاٹ کرے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا ہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کا بیان جلتی پر تیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر نے ایک شخص کے انفرادی فعل کو پوری اُمت مسلمہ پر تھونپ کر مسلمانوں کو دہشتگرد ثابت کرنے کی کوشش کی ہے جو کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کھل کر اسلام دشمنی میں سامنے آگیا ہے اور واضح ہو گیا ہے کہ فرانسیسی صدر بھی اسلاموفوبیا کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان فوری طور پر فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کریں، فرانسیسی مصنوعات پر پابندی عائد کی جائے، گستاخانہ خاکوں اور چارلی ہیبڈو میگزین پر بھی پابندی لگائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یاد رکھے کہ پاکستان دنیا کی واحد ریاست ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی، پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ اس صورتحال میں اپنا موثر اور قائدانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کویت سمیت دیگر ممالک کی جانب سے فرانس کے بائیکاٹ کو بھی سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور عوام سے اپیل کرتے ہوئے علامہ اسدی نے کہا ہے کہ عوام فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر کو اپنے دماغ کا علاج کروانے کی ضرورت ہے جو زمینی حقائق سے لاعلم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے زیادہ دہشتگردی غیر مسلموں میں ہے، مگر فرانسیسی صدر کو وہ دکھائی نہیں دیتی، امریکہ میں روانہ درجنوں واقعات ہوتے ہیں جن میں مسلمان ملوث نہیں ہوتے مگر ان کا نام تک نہیں لیا جاتا، مغرب کو اپنے اس دوہرے معیار سے باہر نکلنا ہوگا اور دہشت گردی کو دہشتگردی کے طور پر ہی لینا ہوگا جو پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، اسے کسی مذہب کیساتھ جوڑنا حقائق سے چشم پوشی کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 894226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش