0
Tuesday 27 Oct 2020 22:52

لاہور، پبلک مقامات، سرکاری دفاتر، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی

لاہور، پبلک مقامات، سرکاری دفاتر، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے فرانس میں توہین رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت اور کوئٹہ و پشاور دھماکوں کے بعد پنجاب میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ سول سیکرٹریٹ لاہور میں لا اینڈ آرڈر پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ راجہ بشارت نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک مقامات، سرکاری دفاتر، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں، پاکستان دشمن قوتیں ہماری مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، اس وقت قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ہم نے مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملانے ہیں۔

انہوں نے تمام مذاہب اور عقاید کے پیروکاروں سے اپیل کی کہ وہ دشمن کا آلہ کار بننے والے اندرونی عناصر سے بھی ہوشیار رہیں، تمام مکاتب کے علمائے کرام اور ضلعی امن کمیٹیاں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں حسب روایت مثالی کردار ادا کریں۔ راجہ بشارت نے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام حکومتی عمائدین نے توہین آمیز خاکوں کی پر زور مذمت کی ہے جبکہ قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے خاکوں کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم شہریوں اور پاک افواج نے ہزاروں قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے، اسے نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کسی بھی قسم کی دہشتگردی کو کچلنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 894227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش