QR CodeQR Code

چین کا تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے والی امریکی کمپنیوں پر پابندی کا اعلان

27 Oct 2020 10:36

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ چین کو اپنے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے پابندیاں عائد کرنے سے بڑھ کر بھی اقدمات کرنا پڑے تو کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ چین نے تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے والی امریکی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو چینی دفتر خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ چین کو اپنے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے پابندیاں عائد کرنے سے بڑھ کر بھی اقدمات کرنا پڑے تو کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور تائیوان کے درمیان معاہدے کے لیے ہتھیار فراہم کرنے والی بڑی کمپنیوں لاکہیڈ مارٹن، بوئنگ ڈیفینس، ریتھیون اور دیگر پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان کو امریکا کی جانب سے ہتھیار کی فروخت میں شریک کمپنیوں کے ساتھ  افراد کو بھی کڑی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔تاہم ترجمان کی جانب سے پابندیوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے تائیوان کو سینسرز، میزائل سسٹم اور گولہ بارود  وغیرہ کا  1.8 ارب ڈالر کے جنگی سازو سامان فروخت کرنے کے معاہدے کی منظوری دی تھی۔ دیگر کئی ممالک کی طرح امریکا کے تائیوان کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ تاہم قانون کے تحت امریکا اس کی دفاعی ضروریات فراہم کرنے کا پابند ہے۔ دوسری جانب چین نہ صرف تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے بلکہ اس پر اختیار حاصل کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کو بھی جائز تصور کرتا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے تائیوان کو دفاعی ساز و سامان کی فراہمی سمیت جنوبی بحیرہ چین، ہانگ کانگ اور انسانی حقوق سمیت کئی محاذ کھول رکھے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 894240

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894240/چین-کا-تائیوان-کو-ہتھیار-فروخت-کرنے-والی-امریکی-کمپنیوں-پر-پابندی-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org