0
Tuesday 27 Oct 2020 11:21
فرانسیسی سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے

اُمت بلاتفریق مسلک جشن عید میلادالنبی (ص) منائے، علامہ محمد حسین اکبر

اُمت بلاتفریق مسلک جشن عید میلادالنبی (ص) منائے، علامہ محمد حسین اکبر
اسلام ٹائمز۔ تحریک حسینیہ پاکستان اور ادارہ منہاج الحسینؒ لاہور کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا کہنا ہے کہ باعث خلقت کائنات، رحمت اللعالمین، سید الانبیاء، نور مجسم، رحمت کل حضرت خاتم نبین کی ولادت با سعادت کے ماہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 17 ربیع الاول امام جعفر صادق علیہ السلام اور حضور نبی کریم (ص) کی ولادت کا دن ہے، ہم نے 12 سے 17 ربیع اول تک وحدت امت کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ دشمن تفرقہ ایجاد کرکے شیعہ سنی کو لڑانا چاہتا ہے، اب دشمن نے رسول خاتم کی توہین، اہانت آمیز خاکے جاری کرکے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کرکے عالمی امن کو داو پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کو پیار محبت، باہمی الفت، سیرت شناسی، قرآن شناسی، اہلبیت شناسی اور صحابہ شناسی کا مطالعہ کریں اور اس پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ عاشقان مصفطفیٰ خوشی کے موقع پر چراغاں کریں گے، ریلیاں نکالیں گے، محافل کا انعقاد ہوگا، کانفرنسز بھی ہوں گی، لیکن تمام مسلمانوں کو مل کر یہ کام کرنا چاہیئے، محرم اور صفر کے موقع پر دنیا بھر کے اہلسنت نے بھی مظلومان کربلا کا غم منایا، محرم و چہلم کے جلوسوں میں سبیلیں لگائیں اور اہلبیت سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ اسی طرح پوری امت بلاتفریق مذہب و مسلک جشن عید میلادالنبی (ص) منا رہی ہے، میں تمام شیعیان پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ بلاتفریق اپنے اہلسنت بھائیوں کے جلوسوں کا استقبال کیجیئے، ان پر گل پاشی کیجیئے، سبلیں لگائیں، کھانے تقسیم کریں اور سیرت النبی(ص) کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔

علامہ محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے، وطن کی سالمیت کیلئے عملی کوشش کریں، دشمن پر نظر رکھیں، جو آپس میں لڑا کر ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، پاک فوج نے ہزاروں قربانیاں دیں، دشمن ان قربانیوں کو رائیگاں کرنا چاہتا ہے۔ قوم اس موقع پر وحدت کا مظاہرہ کرے اور دشمن کے منہ پر وحدت کا ایسا مُکہ رسید کرے کہ دشمن کو اپنی پڑ جائے اور اس کی پاکستان اور اسلام کیخلاف سازشیں ناکام ہوں۔ علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ شہری فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ کریں، فرانس ہمیشہ خباثبت کا مظاہرہ کرتا آرہا ہے، کبھی سکارف پر پابندی لگاتا ہے، کبھی خاکے شائع کرواتا ہے، کبھی قرآن جلواتا ہے، تو حکومت سے بھی مطالبہ ہے کہ فرانسیسی سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے اور دیگر مسلم ممالک بھی فرانس کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
خبر کا کوڈ : 894260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش