QR CodeQR Code

آئندہ نسلوں کی خوشحالی کی خاطر افغانستان اور پاکستان کو مل کر چلنا ہوگا، سینیٹر سراج الحق

27 Oct 2020 23:33

افغان صدر کے خصوصی مشیر سے ملاقات میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ ہم ان افغانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے استعماری قوتوں کا مقابلہ کیا اور انہیں شکست فاش سے دوچار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ افغان صدر اشرف غنی کے سیاسی مشیر عمر دادزئی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں اشرف غنی کی طرف سے کابل کے دورے کی دعوت دی۔ سینیٹر سراج الحق نے افغان صدر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد افغانستان کے دورے کی حامی بھرلی، ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ آئندہ نسلوں کی خوشحالی کی خاطر افغانستان اور پاکستان کو مل کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن افغانستان پاکستان کی ضرورت ہے، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرکاری سے زیادہ عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت و اخوت اور بھائی چارے کے تعلقات کو مزید پروان چڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے حکمرانوں نے عہد کیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ دوحہ مذاکرات میں تمام افغان جماعتوں اور گروپوں کی شرکت پر رضامندی بھی خوش آئند ہے جس سے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت پاکستان کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی ایک افغان پارٹی کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں اور تعلقات کو فروغ دیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان نے چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے اور ان کی مہمانوں کی طرح خدمت کی ہے۔ اب بھی لاکھوں مہاجرین پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے بچے تعلیمی اداروں میں پاکستانی بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں ان کی خدمت اور مہمان نوازی ہمارا فرض ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ان افغانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے استعماری قوتوں کا مقابلہ کیا اور انہیں شکست فاش سے دوچار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان علاقائی امن کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کو یقینی بنانے کیلئے ابھی پاکستان اور افغانستان کو بہت چوکنے اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، کچھ پڑوسی ممالک اب بھی نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ دنوں پاکستانی سفارتخانے کے باہر پاکستان کے ویزے کے حصول کے دوران بھگدڑ مچنے سے درجنوں افغان شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور افغان حکومت اور شہدا کے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 894409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894409/آئندہ-نسلوں-کی-خوشحالی-خاطر-افغانستان-اور-پاکستان-کو-مل-کر-چلنا-ہوگا-سینیٹر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org