QR CodeQR Code

گستاخانہ خاکے، مولانا فضل الرحمان کا آئندہ جمعے سے پورا ہفتہ احتجاج کا اعلان

27 Oct 2020 23:50

جے یو آئی کے سربراہ کا پشاور دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت تحفظ نہیں دے سکتی تو مدارس خود سیکیورٹی کا اہتمام کریں، پشاور واقعہ بزدلانہ اقدام ہے، امن امان کے قیام کا دعویٰ کیا جاتا ہے، کہاں ہے امن۔؟


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف آئندہ جمعے سے پورا ہفتہ احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہیں، فرانس کے ساتھ تجارتی روابط ختم کرنے چاہئیں، تاجر فرانس کے ساتھ تجارتی معاہدے منسوخ کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف آئندہ جمعہ سے پورا ہفتہ احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے اپیل کی کہ عوام سڑکوں پر آکر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاج کریں۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ سے عام آدمی بے بس ہے، عام آدمی بچوں کیلئے صبح و شام کھانے پینے کیلئے فکر مند ہے، ایسے حالات میں ہم عوام کی ترجمانی کرنا چاہتے ہیں۔ یوم کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے یوم سیاہ پر بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پہلے بھی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے پشاور دھماکے سے متعلق کہا کہ حکومت تحفظ نہیں دے سکتی تو مدارس خود سیکیورٹی کا اہتمام کریں، پشاور واقعہ بزدلانہ اقدام ہے، امن امان کے قیام کا دعویٰ کیا جاتا ہے، کہاں ہے امن۔؟


خبر کا کوڈ: 894420

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894420/گستاخانہ-خاکے-مولانا-فضل-الرحمان-کا-ا-ئندہ-جمعے-سے-پورا-ہفتہ-احتجاج-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org