0
Tuesday 27 Oct 2020 23:57

امریکہ بھارت نئے دفاعی معاہدے پر پاکستان کا اظہار تشویش

امریکہ بھارت نئے دفاعی معاہدے پر پاکستان کا اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ بھارت اور امریکا کے مابین حساس سیٹلائٹ معلومات کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا، جس پر پاکستان نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو اور سیکرٹری دفاع مارک ایسپر کے دورۂ بھارت کے دوران خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے رسوخ کو روکنے کے لیے دفاعی مذاکرات ہوئے، جس میں دونوں ممالک کے مابین عسکری معاہدے طے پائے۔ جن میں بیسک ایکسچینج اینڈ کوآپریشن ایگریمنٹ (بی ای سی اے) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کے نتیجے میں بھارت کو امریکا کے عسکری سیٹلائٹس اور ٹوپوگرافیکل امیج جیسی ٹیکنالوجیز تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ جے سبھری منیئم سے ملاقات کے بعد مائیک پومپیو نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکا چین کی کمیونسٹ پارٹی سے متعلق خطرات اور خدشات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت اور شہریوں کا اس بات پر یقین پختہ ہوتا جا رہا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی جمہوریت، قانون کی حکمرانی، شفافیت اور آزادی کی حامی نہیں۔ اس موقعے پر بھارت اور امریکا کے مابین عسکری مقاصد کے لیے سیٹلائٹ ڈیٹا کے تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ واضح رہے کہ امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ کے آغاز کے بعد سے مختلف سفارتی محاذوں پر کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکا کی جانب سے تائیوان کے ساتھ مراسم بڑھانے اور ہتھیاروں کی فروخت کے ساتھ ساتھ جنوبی بحیرہ چین، ہانگ کانگ اور انسانی حقوق سمیت کئی محاذ پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔ دوسری جانب لداخ میں کشیدگی کے باعث بھارت اور چین کے تعلقات 1962ء کی جنگ کے بعد کشیدگی کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمالیائی خطے میں دونوں ممالک کے مابین تصادم کے بادل بھی منڈلا رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے  بھارت امریکا معاہدے پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مسلسل بھارت کو جدید فوجی ساز و سامان، معلومات اور ٹیکنالوجی کی فراہمی کی صورت میں جنوبی ایشیاء کے امن و استحکام کو درپیش خطرات اجاگر کرتا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متعدد بین الاقوامی ماہرین بھارت کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی خریداری، جوہری ہتھیاروں اور میزائل تجربات میں اضافے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ رہا ہے۔ ان حالات میں بھارت کو اعلیٰ دفاعی ٹیکنالوجی کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں اور اسے نہ صرف عالمی اقدار کی پامالی بلکہ جنوبی ایشیاء کے استحکام کے لیے بھی خطرہ قرار دیتے ہیں۔ یہ خبر بھی دیکھیے: صدر شی جن پنگ کی چینی فوج کو جنگ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت واضح رہے کہ امریکی کمپنیاں بھارت کو 2007ء سے اب تک 21 ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرچکی ہیں اور طویل عرصے سے امریکا بھارت پر عسکری استعمال کے لیے حساس معلومات کے تبادلے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 894422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش