QR CodeQR Code

مقبوضہ وادی میں بدترین جارحیت نے بھارت کا مکروہ چہرہ واضح کر دیا، علامہ ناصر عباس جعفری

28 Oct 2020 00:06

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے 73 برس مکمل ہونے پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں موجود اقلیتیں حکومت کے غیر منصفانہ فیصلوں پر شدید برہم دکھائی دیتے ہیں، جسکا اظہار آئے روز ہونیوالے حکومت مخالف مظاہروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے 73 برس مکمل ہونے پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بدترین جارحیت کے تسلسل نے اقوام عالم کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ واضح کر دیا ہے۔ بھارت کی ہر حکومت نے جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت کی تمام حدوں کو پار کیا۔ کشمیری نوجوانوں پر بے رحمانہ تشدد، خواتین کی عصمت دری اور بچوں پر بے جا ظلم و ستم بھارتی افواج کے وہ سیاہ کارنامے ہیں، جنہیں دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔ بھارت دنیا کی وہ واحد ریاست ہے، جہاں فوج کی مجرمانہ سرگرمیوں کو حکومتی آشیرباد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک شدت پسند اور متعصب وزیراعظم ہے، جس کے انتہاء پسندانہ اقدامات نے بھارت کی سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں موجود اقلیتیں حکومت کے غیر منصفانہ فیصلوں پر شدید برہم دکھائی دیتے ہیں، جس کا اظہار آئے روز ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ نریندر مودی نے اپنے غیر دانشمندانہ اور بصیرت سے عاری اقدامات سے بھارت کو ٹکروں میں تقسیم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ کشمیر کے عوام بہت جلد بھارتی چنگل سے آزادی حاصل کریں گے۔ عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آوازیں ایک اچھا شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہیں کبھی تنہاء نہیں چھوڑا جا سکتا۔ کشمیر کی آزادی پاکستانی قوم کے دل کی آواز ہے۔ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ کشمیر کی سرزمین پر بھارتی شنکجے سے آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 894425

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894425/مقبوضہ-وادی-میں-بدترین-جارحیت-نے-بھارت-کا-مکروہ-چہرہ-واضح-کر-دیا-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org