0
Wednesday 28 Oct 2020 00:09

نبی اکرم کی شان اقدس میں گستاخی دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے، خواجہ رضوان عالم 

نبی اکرم کی شان اقدس میں گستاخی دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے، خواجہ رضوان عالم 
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینیئر نائب صدرخواجہ رضوان عالم، سابق ایم پی اے سید عبدالقادر گیلانی، ضلعی صدر ملتان کامران عبداللہ مڑل، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، ایم پی اے علی حیدر گیلانی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فرانس کے صدر کا اقدام ناقابل برداشت و ناقابل معافی جرم ہے جس سے پوری مسلم امہ کی دل آزاری ہوئی ہے، ترقی یافتہ ہونے کے دعویدار چند ممالک آزادی اظہار کے نام پر مذہبی منافرت پھیلا کر پوری دنیا کے امن کو داو پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ کی شان اقدس میں گستاخی دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے، فرانس میں ریاستی سرپرستی میں یہ اقدام شرمناک اور قابل مذمت ہے، حکومت پاکستان فوری طور پر تمام مسلم ممالک کا اجلاس بلا کر موثر حکمت عملی اپنائے  اور بار بار ہونے والے ان توہین آمیز واقعات کی روک تھام کرے۔ انہوں نے کہا کے پاکستان فوری طور پر فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرکے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ہمارے ایمان کا تقاضہ ہے کے ہم ملک بھر میں فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈنمارک سے شروع ہونے والا سلسلہ آج فرانس تک جا پہنچا ہے، ہمارے لیے تمام انبیاء اور کتابیں مقدس ہیں مگر یہ شرپسند اور دہشت گرد عناصر ایسی حرکتوں سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں، تمام مسلم ممالک اکھٹے ہوکر ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائیں اور فرانسیسی صدر کو عالمی دہشت گرد قرار دلوائیں کیونکہ کوئی باشعور انسان ایسا کام نہیں کرسکتا چاھے وہ کسی مذہب سے بھی تعلق رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کے ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کے ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کو فوری طور پر اس کا نوٹس لینا چاہیے، فرانس سے فوری سفارتی تعلقات ختم کرکے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے اور فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔
 
خبر کا کوڈ : 894426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش