0
Wednesday 28 Oct 2020 10:04

نئی نوٹیفیکیشن آسمانی بجلی کے قہر جیسے ٹوٹی ہے، حکیم یاسین

نئی نوٹیفیکیشن آسمانی بجلی کے قہر جیسے ٹوٹی ہے، حکیم یاسین
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے جموں و کشمیر میں حصول اراضی سے متعلق جاری کی گئی نئی نوٹیفکیشن پر زبردست تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اِسے آسمانی بجلی کے قہر جیسے گرنے سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے ایسا کر کے سارے جموں و کشمیر کو غیروں کے ہاتھوں بیچنے کے لئے کھلا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے بھارتی حکومت کو جموں و کشمیر کے نازک اور پیچیدہ آئینی، سماجی و سیاسی معاملات سے چھیڑ چھاڑ کرنے سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ ایک بیان میں حکیم یاسین نے بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر میں حصول اراضی سے متعلق جاری کی گئی نوٹیفکیشن پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پُرزور مطالبہ کیا کہ مذکورہ متضاد حکم نامے کو فوری طور واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے حصول اراضی سے متعلق مذکورہ حکم نامہ آسمان سے اچانک قہر کی بجلی گرنے کے مترادف ہے اور وہ اس نئے قانون کو بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ایک اور وعدہ خلافی اور دغابازی سے تعبیر کرتے ہیں۔ پی ڈی ایف کے چیئرمین نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کے لوگ یک زبان اپنی انفرادی سماجی، سیاسی، علاقائی و مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنی زمین، سرکاری ملازمتوں اور ریاستی تشخص کی بحالی اور اپنے آئینی حقوق کا کسی بھی صورت میں پورا پورا تحفظ چاہتے ہیں، جس میں کسی بھی دو رائے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 894462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش