QR CodeQR Code

قومی اسمبلی اجلاس، مائیک نہ ملنے پر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

28 Oct 2020 13:16

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آغا رفیع اللّٰہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایک دفعہ باہر جائیں، پھر واپس آئیں، ایسے معاملہ ختم نہیں ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے مائیک نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی کی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ہنگامہ آرائی پر پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللّٰہ کو اسمبلی سے باہر نکال دیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت بدمزگی پیدا ہوئی جب بولنے کا موقع نہ دینے پر آغا رفیع اللّٰہ نے شور مچا دیا،آغا رفیع اللّٰہ کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سیخ پا ہو گئے۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آغا رفیع کو ایوان سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آغا رفیع ایوان کی کارروائی میں بہت مداخلت کرنے لگ گئے ہیں، یہ پورے سیشن میں ایوان میں نہیں آ سکتے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی اور سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیئے تھا، میں معافی مانگتا ہوں، آپ مہربانی فرما کر رولنگ واپس لے لیں۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آغا رفیع اللّٰہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایک دفعہ باہر جائیں، پھر واپس آئیں، ایسے معاملہ ختم نہیں ہو گا۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی علی محمد خان نے آغا رفیع اللّٰہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آغا رفیع اللّٰہ پہلے معذرت کریں، آپ کے سابق وزیر ِاعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی معذرت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آغا رفیع اللّٰہ ایوان سے باہر چلے جائیں اور پھر واپس آ جائیں، آپ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا احترام کریں، آپ ہمارے بھائی ہیں، لیکن چیئر کا احترام کریں۔


خبر کا کوڈ: 894516

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894516/قومی-اسمبلی-اجلاس-مائیک-نہ-ملنے-پر-اپوزیشن-کی-ہنگامہ-ا-رائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org