QR CodeQR Code

نگر پارکر میں کالی داس ڈیم کا افتتاح کر دیا گیا

28 Oct 2020 14:30

وزیراعلٰی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کالی داس ڈیم 333 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، کالی داس ڈیم گھوردھاڑو نئی آبشار پر بنایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ  نے سندھ کے علاقے نگر پارکر میں کالی داس ڈیم کا افتتاح کر دیا۔ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کالی داس ڈیم کے افتتاح کے دوران وزیر آبپاشی سہیل انور سیال، ایم این اے نواب یوسف ٹالپر، وزیر تعلیم سعید غنی، وزیر پی ایچ ای شبیر بجارانی، وزیر آئی ٹی تیمور ٹالپر، وزیر ثقافت سید سردار شاہ، مشیر قانون مرتضٰی وہاب، ایم پی اے قاسم سومرو اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے اس دوران اپنے خطاب میں کہا کہ کالی داس ڈیم 333 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، کالی داس ڈیم گھوردھاڑو نئی آبشار پر بنایا گیا ہے جبکہ کالی داس ڈیم نگر پارکر سے ایک کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ سید مراد علی شاہ نے ڈیم سے متعلق مزید بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیم نگر پارکر اور قریب کے گاؤں کے لوگوں اور مویشیوں کی روزانہ کی ضروریات پوری کرتا ہے، اس وقت کالی داس ڈیم میں بارشوں کا پانی 13 فٹ تک جمع ہے، ڈیم کی کُل اونچائی 15 فٹ ہے اور یہ پانی پورے سال کی ضروریات پوری کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کالی داس ڈیم میں 1012.30 ایکڑ فٹ پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے، نگر پارکر میں کارونجھر پہاڑ 400 اسکوائر کلومیٹر پر ہے اور کارونجھر پہاڑ چھوٹے ڈیموں کا کیچمنٹ ایریا بنتا ہے، مون سون میں کارونجھر پر اوستاً 13 انچ پارش ہوتی ہے۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 13 انچ بارش سے تقریباً 111000 ایکڑ فٹ پانی ملتا ہے اور یہ پانی 208000 ایکڑ زمین سیراب کرے گا۔ سید مراد علی شاہ نے کالی داس ڈیم کے افتتاح کے دوران اپنے بیان میں  کہا ہے کہ پہلے یہ پانی ضائع ہو جاتا تھا، پانی کو بچانے اور اس کا استعمال کرنے کے لیے اسمال ڈیم پروجیکٹ شروع کیا گیا، اسمال ڈیم پروجیکٹ کے تحت 42 ڈیم بنانے کا منصوبہ شروع کیا گیا، اس پروجیکٹ کے تحت ابھی تک 23 ڈیم مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ باقی 11 ڈیم جولائی 2022 تک مکمل ہوجائیں گے، اسمال ڈیم بنانے سے پہلے نگر پارکر میں پانی کی شدید قلت تھی، پانی نہ ہونے کے باعث نگر پارکر سے لوگ بیراج ایریا کی طرف اکثر نقل مکانی کرتے تھے، اب 123 سمال ڈیم مکمل ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی اسٹور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پانی لوگ اپنے اور اپنے مویشیوں کے پینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، یہ پانی زراعت کے لیے بھی استعمال ہو رہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 23 ڈیموں کی تکمیل سے 50 قریبی گاؤں کو بھی پانی مل رہا ہے جبکہ اس ڈیم کے پانی سے 40000 ایکڑ زمین سیراب ہوگی اور 42 اسمال ڈیم مکمل ہونے کے بعد 85000 ایکڑ بنجر زمین آباد ہو گی۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 42 چھوٹے ڈیم مکمل ہونے سے 87 دیہاتوں کی پانی کی ضروریات پوری ہوگی۔ اُن کا اپنے خطاب کے دوران سندھ کے چھوٹے ڈیموں سے متعلق بتانا تھا کہ کالی داس ڈیم، ویرا داس ڈیم، مسکین جہاں خان کھوسو ڈیم، بارتلاو ڈیم، اباسر ڈیم، گھارتیاری ڈیم، گھورڈھاڑو ڈیم، ناریاسر ڈیم، جھنجھاسر ڈیم، چندن ڈیم، لاکر کھادیو ڈیم، کووارا ڈیم، لکھی جو وانڈیو ڈیم، ادھیگھام ڈیم، پانپوری ڈیم، بھودیسر ڈیم، کھاراڑو ڈیم، توبرو ٹانک ڈم، راناسر ڈیم، گوٹراوا ڈیم، کھانی جہ واندیو ڈیم اور سرنچند ڈیم مکمل ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 894533

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894533/نگر-پارکر-میں-کالی-داس-ڈیم-کا-افتتاح-کر-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org