QR CodeQR Code

پی ڈی ایم کا مقصد جمہوری عمل میں غیرآئینی مداخلت روکنا ہے، پیر اعجاز ہاشمی

28 Oct 2020 19:39

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ غاصب ٹولہ انتخابات میں مداخلت کرکے عوامی مینڈیٹ کیخلاف حکومتیں مسلط کرتا ہے، قدرتی وسائل سے مالامال بلوچستان کے علاقے سوئی اور گوادر کے وسائل کو استعمال تو کیا جاتا ہے مگر یہاں کے عوام کے حقوق تسلیم نہیں کئے جاتے۔ بلوچستان پاکستان کا لازمی جزو اور ہمارا دل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ لڑیں گے، بلوچستان کے عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے تسلط سے آزادی وقت کا تقاضا ہے، غاصب ٹولہ انتخابات میں مداخلت کرکے عوامی مینڈیٹ کیخلاف حکومتیں مسلط کرتا ہے، قدرتی وسائل سے مالامال بلوچستان کے علاقے سوئی اور گوادر کے وسائل کو استعمال تو کیا جاتا ہے مگر یہاں کے عوام کے حقوق تسلیم نہیں کئے جاتے۔ بلوچستان پاکستان کا لازمی جزو اور ہمارا دل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی کی کوئٹہ جلسے میں تقریر سے منسوب بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا شرمناک ہے۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ شاہ اویس نورانی نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے اور وہ بحیثیت مرکزی صدر ان کی وضاحت سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارکن افواہوں اور الزامات پر کان نہ دھریں، پی ڈی ایم کا ہدف غیر جمہوری قوتوں کی سیاست میں غیر آئینی مداخلت روکنا ہے، اس لئے کچھ بکاؤ میڈیا چینلز نے اویس نورانی کے بیان کو رائی کا پہاڑ بنانے کی سازش کی، جو کہ قابل مذمت اور ذرائع ابلاغ کے غیر جانبدارانہ کردار کی خلاف ورزی ہے، ایسے پروپیگنڈہ کا مقصد پی ڈی ایم کے جلسوں کو غیر مؤثر کرنے کی سازش اور عوام کے مطالبات سے توجہ نان ایشوز کی طرف مبذول کروانا ہے مگر عوام اور ملک کا دانشور طبقہ حقائق سے آگاہ ہے۔ بلوچستان کے مسائل اور ان کے ذمہ داروں سے صرف نظر ممکن نہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلوچستان سمیت پاکستان بھر کی سیاست کو غاصبوں سے آزادی دلا کر عوام کو حقوق دیئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 894600

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894600/پی-ڈی-ایم-کا-مقصد-جمہوری-عمل-میں-غیرا-ئینی-مداخلت-روکنا-ہے-پیر-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org