QR CodeQR Code

کرم میں دو دکانوں کو نامعلوم افراد نے پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی

29 Oct 2020 01:54

علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اور فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور مارکیٹ کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا، عینی شاہدین کے مطابق اگر آگ کو بروقت قابو نہ کیا جاتا تو تمام مارکیٹ اور پبلک سکول جلنے کا خدشہ تھا۔


اسلام ٹائمز۔ اپر کرم کے علاقے کگہ واگہ کے قریب شاہین ایجوکیشنل اکیڈمی کے قریب دو دکانوں کو نامعلوم افراد نے پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی، جس میں سارا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے کگہ واگہ میں نامعلوم افراد نے رات ایک بجے شاہین ایجوکیشنل اکیڈمی کے پیوست کاسمیٹیک اور کراکری کی دو دکانوں پر پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔ جس میں لاکھوں روپے کی مالیت کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اور فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور مارکیٹ کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا، عینی شاہدین کے مطابق اگر آگ کو بروقت قابو نہ کیا جاتا تو تمام مارکیٹ اور پبلک سکول جلنے کا خدشہ تھا۔

دکانیں دو بھائیوں حاجی اکبر حسین اور کفایت حسین کے تھیں، دونوں کی دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں متاثرہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی، دکانوں سے اپنے اپنے گھر چلا رہے تھے باقی کوئی ذریعہ نہیں ہے اب کیا کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ دوسری جانب علاقے کے لوگوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ دکانداروں کے ساتھ مالی تعاون کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 894650

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894650/کرم-میں-دو-دکانوں-کو-نامعلوم-افراد-نے-پیٹرول-ڈال-کر-آگ-لگا-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org