0
Thursday 29 Oct 2020 09:52
امریکا بیجنگ اور علاقائی ممالک کے مابین نفرت کے بیج بو رہا ہے، چین

امریکہ بھارت دفاعی معاہدہ، پاکستان اور چین نے شدید تحفظات کا اظہار کر دیا

امریکہ بھارت دفاعی معاہدہ، پاکستان اور چین نے شدید تحفظات کا اظہار کر دیا
اسلام ٹائمز۔ چین اور پاکستان نے بھارت اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت امریکہ مشترکہ بیان میں پاکستان کے متعلق دیئے گئے ریمارکس گمراہ کن ہیں۔ مشترکہ بیان میں پاکستان کے خلاف یکطرفہ دعوے کیے گئے ہیں. بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزام لگا کر کشمیر میں ریاستی دہشت گردی پر پردہ نہیں ڈال سکتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز، سنگین مظالم اور انسانی اقدار کی خلاف ورزیوں سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا بھی مرتکب ہو رہا ہے۔ امریکہ اور بھارت کے درمیان معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہوگا۔ دوسری جانب امریکہ و بھارت کے دفاعی معاہدے کے بعد چین نے بھی اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، معاہدے کو خطے میں امن اور طاقت کا توازن خراب کرنے کا پیش خیمہ کہا جا رہا ہے۔ چین نے کہا ہے کہ امریکا بیجنگ اور علاقائی ممالک کے مابین نفرت کے بیج بو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ بھارت سے متعلق اپنے ردعمل میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ویبن نے کہا کہ پومپیو کے چین پر الزامات اور حملے کوئی نئے نہیں، یہ بے بنیاد الزامات ہیں جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ امریکہ ابھی تک نظریاتی تعصبات اور سرد جنگ کی ذہنیت میں ہی پھنسا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت اور امریکہ کے درمیان حساس سیٹلائیٹ ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے ایک دفاعی معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق اس حساس ڈیٹا کی مدد سے بھارت اس قابل ہو جائے گا کہ وہ میزائلوں، ڈرونز اور دیگر اہداف کو درست اور بالکل ٹھیک ٹھیک انداز سے نشانہ بنا سکے گا۔
 
خبر کا کوڈ : 894685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش