0
Thursday 29 Oct 2020 21:59
ہفتہ وحدت، ہفتہ عشق مصظفٰی

ڈی آئی خان میں کل میلاد کے 16 جلوس نکالے جائیں گے، تیاریاں مکمل

ڈی آئی خان میں کل میلاد کے 16 جلوس نکالے جائیں گے، تیاریاں مکمل
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جشن عید میلادالنبی ہفتہ عشق مصطفٰی (ہفتہ وحدت) کے طور پر نہایت جوش و جذبے و دینی عقیدت سے منایا جا رہا ہے۔ شہر کی بیشتر مساجد میں میلاد مصطفٰی (ص) کی محافل آباد ہیں۔ نیاز و لنگر اور خیرات کی تقسیم فروانی سے جاری ہے۔ شہر کی بڑی عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جبکہ مٹھائی کی دکانوں پہ تل دھرنے کی جگہ نہیں۔ کہیں پہ مسجد نبوی اور بیت اللہ کا عکس لیئے بینرز آویزاں ہیں تو کہیں پہ سبز کلیوں اور جھنڈیوں سے گلی کوچے مزین ہیں۔ گنبد و مینار جگمگا رہے ہیں، صحن و دلان جھلملا رہے ہیں، در اور دیوار مہک رہے ہیں۔ منبر آباد ہیں، سامعین شاد ہیں۔ گلی، کوچوں، سڑکوں بازاروں میں لوگوں کا ہجوم ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مستعد اور چاک و چوبند جوان جانفشانی سے اپنے فرائض منصبی انجام دے رہیں۔ رات گئے تک شہریوں کا یونہی رش متوقع ہے۔ 


کل صبح ڈیرہ شہر میں حقنواز پارک سے میدان حافظ جمال اور تاج مسجد ٹاؤن ہال سے لیاقت پارک تک دوم رکزی جلوس نکالے جائیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن عید میلاد النبی (ص) کے دو مرکزی جلوسوں کے علاوہ 16 چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے۔ جماعت اہلسنت والجماعت (دیوبند) کے زیر انتظام مرکزی جلوس حقنواز پارک صبح 7 بجے نکالا جائے گا جو توپانوالہ بازار، کلاں بازار اور چوگلیہ سے ہوتا ہوا میدان حافظ جمال پر اختتام پذیر ہو گا۔ اسی طرح جماعت اہلسنت (بریلوی) کے زیر انتظام مرکزی جلوس تاج مسجد ٹاؤن ہال سے صبح 9 بجے نکالا جائے گا، جو جی پی او موڑ سے ہوتا ہوا مرکزی میلاد پارک (لیاقت پارک) میں اختتام پذیر ہو گا۔ اسی طرح پہاڑ پور سرکل میں 9، پروآ میں ایک، رمک میں ایک، یارک میں ایک اور گلوٹی سے ایک جلوس نکالا جائے گا۔ آر پی او ڈیرہ محمد یاسین فاروق کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کو سکیورٹی کے لحاظ سے 5 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کے تحت جلوس کے راستوں اور گلیوں کو سیل کیا گیا ہے اور جلوس کے راستوں سمیت اہم چوراہوں پر پولیس کی خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 894811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش